بادامی باغ واقعہ؛ مسیحی برادری کا ملک بھر میں احتجاج، مظاہرین کا میٹروبس پرپتھراؤ

ویب ڈیسک  اتوار 10 مارچ 2013
جنوبی پنجاب کےشہروں مظفرگڑھ ، ڈیرہ غازی خان ، وہاڑی اور گردونواح میں بھی مسیحی برادری نے ریلیاں نکالیں اور احتجاج کیا۔ فوٹو آن لائن

جنوبی پنجاب کےشہروں مظفرگڑھ ، ڈیرہ غازی خان ، وہاڑی اور گردونواح میں بھی مسیحی برادری نے ریلیاں نکالیں اور احتجاج کیا۔ فوٹو آن لائن

بادامی باغ کےواقعہ کےخلاف مسیحی برادری کا ملک بھر میں احتجاج جاری،لاہورمیں مظاہرین نے میٹروبس پرپتھراؤ کیا، پولیس نےمظاہرین پرآنسوگیس پھینکی اورہوائی فائرنگ کی۔

بادامی باغ کےافسوسناک واقعےکےخلاف ملک بھرمیں مسیحی برادری سراپاحتجاج ہے،لاہورکےعلاقےیوحنا آباد میں مسیحی برادری نے احتجاجی مظاہرہ کرکے فیروزپورروڈ بلاک کردی جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگئی، مظاہرین نےپتھراؤ کرکےمیٹروبس کے شیشے بھی توڑدیئے، اس موقع پر پولیس نے آنسو گیس کے شیل اور ہوائی فائرنگ کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کیا۔

گوجرانوالہ میں سانحہ لاہور کے خلاف مسیحی برادری نے احتجاج کرتے ہوئے پنڈی بائی پاس چوک کو بلاک کردیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنے کی کوشش کی جو پولیس نے ناکام بنادی۔

فیصل آباد میں مسیح برادری نے احتجاجی ریلیاں نکالیں جبکہ ملتان میں مینارٹیز الائنس کےزیراہتمام سانحہ بادامی باغ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نےشرکت کی، مظاہرین نے نواں شہرچوک پر دھرنا دیا اور نعرے بازی کی، اسی طرح جنوبی پنجاب کےشہروں مظفرگڑھ ، ڈیرہ غازی خان ، وہاڑی اور گردونواح میں بھی مسیحی برادری نے ریلیاں نکالیں اور احتجاج کیا۔

سکھر میں مسیحی برادری نے سانحہ بادامی باغ کے خلاف پریس کلب تک ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا، مسیحی برادری سے اظہار یک جہتی کےلئے ہندو پنچائت نے بھی ریلی میں شرکت کی، اس موقع پر رہنماؤں نے مبینہ گستاخ کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کے گھر جلانے والے شرپسندوں کو گرفتار اور متاثرین کے تحفظ کا انتظام کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔