اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کا مقابلہ کریں گے، نوید قمر

نامہ نگار  پير 11 مارچ 2013
نوید قمر نے کہا کہ17 مارچ سے انتخابی مرحلہ شروع ہو جائے گا اور مئی کے دوسرے ہفتے میں انتخابات ہو جائیں گے۔ فوٹو: فائل

نوید قمر نے کہا کہ17 مارچ سے انتخابی مرحلہ شروع ہو جائے گا اور مئی کے دوسرے ہفتے میں انتخابات ہو جائیں گے۔ فوٹو: فائل

ٹنڈو محمد خان: وزیر دفاع سید نوید قمر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد زیرو  پلس زیرو برابر زیرو ہے۔

ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے خلاف اس قسم کے اتحاد بنتے رہے ہیں، پہلے بھی ان کا مقابلہ کیا ہے، اب بھی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ملاکاتیار بائے پاس روڈ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے التواء کا کوئی امکان نہیں ہے، ماضی میں موجودہ حالات سے بھی زیادہ خراب حالات میں الیکشن ہوتے رہے ہیں، 17 مارچ سے انتخابی مرحلہ شروع ہو جائے گا اور مئی کے دوسرے ہفتے میں انتخابات ہو جائیں گے۔

4

انھوں نے کہا کہ مارشل لاء حکومتوں میں من پسند لوگوں کو لایا جاتاہے، جب کہ جمہوریت میں عوام اپنے نمائندے خود منتخب کرتے ہیں، آئندہ انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں آپریشن نہیں ہو رہا، بلکہ رینجرز پولیس کے ہمراہ شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔

دریں اثناء ملاکاتیار میں دی سٹیزن فائونڈیشن اسکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ سندھ کے دیہی علاقوں میں معیاری اسکولوں کے قیام سے غریب بچوں کے لیے بھی اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے دروازے کھل جائیں گے اور ایک ہاری کا بیٹا بھی اعلیٰ تعلیم حا صل کرسکے گا ،پی پی عوامی جماعت ہے اور اسے جب بھی اقتدار ملا ہے اس نے عوام کی خدمت کی ہے۔ علاوہ ازیں انھوں نے ریلوے اسٹیشن روڈ، پیپلز کالونی روڈ، سول اسپتال روڈ کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف میمن، اعجاز شاہ بخاری، اعجاز نبی شاہ اور  شاہد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔