پنجاب حکومت نے صوبے میں لاہور ہائیکورٹ کے مزید 5 ڈویژنل بینچز بنانے کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  پير 11 مارچ 2013
وکلا برادری طویل عرصے سے مطالبہ کررہے تھے کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں ہائیکورٹ کی ڈویژنل بینچز بنائی جائیں،  فوٹو: فائل

وکلا برادری طویل عرصے سے مطالبہ کررہے تھے کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں ہائیکورٹ کی ڈویژنل بینچز بنائی جائیں، فوٹو: فائل

لاہور: صوبائی کابینہ نے فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان میں لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچز بنانے کی منظوری دے دی ہے۔

پنجاب کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں عوام اور وکلا کے مطالبے پر ان شہروں میں لاہور ہائی کورٹ کی ڈویژنل بینچز بنانے کی منظوری دی گئی۔ اس سے قبل راولپنڈی، ملتان اور بہاولپور میں لاہور ہائی کورٹ کے بینچ موجود ہیں۔

فیصل آباد اور سرگودھا کی بار ایسوسی ایشنز نے ایک مہینے سے اپنے شہروں میں ہائی کورٹ بینچوں کے قیام کے لیے تحریک شروع کر رکھی تھی اوراس دوران وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر رکھا تھا اور روزانہ احتجاجی مظاہرے کر رہے تھے، اس موقع پر وکلا نے احتجاج کے دوران عدالتوں کے ساتھ ساتھ دیگر سرکاری دفاتر کو بھی تالے لگا کرعملے کو باہر نکال دیا۔ بینچوں کے قیام کی منظوری کا سن کر وکلا کی بڑی تعداد فیصل آباد میں اکٹھی ہوگئی، وکلا نے بھنگڑے ڈالے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔