2013ء: ہالی وڈ کے لیے مایوس کن آغاز

محمد عمران  پير 11 مارچ 2013
رواں سال ڈراؤنا خواب بھی ثابت ہوسکتا ہے۔  فوٹو : فائل

رواں سال ڈراؤنا خواب بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ فوٹو : فائل

2013ء کا آغاز ہالی وڈ کے لیے مایوس کن رہا ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری پر نظر رکھنے والے ان خدشات کا اظہار کر رہے ہیں کہ رواں سال فلم اسٹوڈیوز کے ڈراؤنا خواب بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ 2013ء کے آغازکو ڈھائی ماہ گزرچکے ہیں اور اب تک صرف ایک فلم Identity Thief 100 ملین ڈالرز کی آمدنی حاصل کرسکی ہے۔

یونی ورسل پکچرز کی اس فلم نے پہلے ہفتے میں 30 ملین ڈالر کمائے تھے۔ گذشتہ برس کے اسی عرصے میں تین فلمیں ( Safe House، The Vow اور Journey 2: The Mysterious Island) یہ سنگ میل عبور کرچکی تھیں۔ گذشتہ برس نمائش کے پہلے ہفتے میں The Lorax نے 70 ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔ رواں برس اب تک کوئی فلم یہ اعدادوشمار حاصل نہیں کرسکی۔

گذشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال ہالی وڈ کی بدتر کارکردگی کا سبب کیا ہے؟ اس کی ایک وجہ تو بالغان کے لیے مخصوص فلموں کی بھرمار ہے۔ جنوری سے لے کر اب تک چودہ ایسی فلمیں ریلیز کی گئی ہیں جن سے لطف اندوز ہونے کے لیے کم عمر ناظرین سنیما ہال کا رخ نہیں کرسکتے تھے۔ ان چودہ میں سے آٹھ فلموں کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا ہے۔ ابتدائی ہفتے میں یہ فلمیں دس ملین ڈالر بھی نہیں کما پائیں۔ ان فلموں میں سلویسٹر اسٹالون کی Bullet to the Head، درجنوںستاروں پر مشتمل Movie 43 اور جیسن اسٹیتھم کی ایکشن تھرلر Parker بھی شامل ہے۔ ریلیز کے پہلے ہفتے میں ان فلموں کی حاصل کردہ آمدنی بالترتیب 4.5، 4.8 اور 7 ملین ڈالر رہی۔

گذشتہ برس کی سپرہٹ فلم Avengers کے مرکزی اداکاروں میں سے ایک جرمی رینر کی فلم Hansel & Gretel: Witch Hunters کی کارکردگی کچھ بہتر رہی جس نے مجموعی طور پر 181 ملین ڈالر کمائے۔ تاہم بچپن کی کہانی پر بنائی گئی اس فلم کو اگر بالغان کے لیے مخصوص نہ کیا جاتا تو اس فلم کی آمدنی کئی گنا ہوسکتی تھی تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ گذشتہ برس اس کیٹیگری سے تعلق رکھنے والی فلموں نے باکس آفس پر شان دار کارکردگی دکھائی تھی۔

Safe House، Project X، Underworld Awakening اور The Devil Inside سمیت درجن کے لگ بھگ فلموں نے مجموعی طور پر ایک سو ملین ڈالر سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔ علاوہ ازیں گذشتہ سال بچوں کے لیے بنائی گئی فلمیں بھی زیادہ تعداد میں ریلیز کی گئی تھیں، جب کہ رواں برس ابھی تک بچوں کے لیے صرف ایک فلم ریلیز کی گئی ہے۔ خلائی مخلوق کے پس منظر میں بنائی گئی اس فلم کا نام Escape from Planet Earth ہے۔ رواں برس فلموں کی بدترین کارکردگی کا ایک اور سبب ان کے معیار میں کمی بھی ہوسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔