اہرام سے علاج کرنے والا روسی ڈاکٹر

ویب ڈیسک  منگل 5 دسمبر 2017
ڈاکٹر الیگزینڈر گولوڈ کی جانب سے تیار کردہ اہرام جو روس میں بہت مقبول ہورہے ہیں۔ فوٹو: فائل

ڈاکٹر الیگزینڈر گولوڈ کی جانب سے تیار کردہ اہرام جو روس میں بہت مقبول ہورہے ہیں۔ فوٹو: فائل

ماسکو: روسی سائنسدان ڈاکٹر الیگزینڈر گولوڈ کا دعویٰ ہے کہ خاص طرح سے بنائے گئے اہرام مختلف بیماریوں کو دور کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ دواؤں کی افادیت بڑھانے اور موسم کو قابو میں رکھنے کی قوت بھی رکھتے ہیں۔  

الیگزینڈر گولوڈ روس میں دفاعی انجینیئر بھی ہیں اور سائنسی تحقیق کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے 1990 میں پہلا ہرم (پیرامڈ) بنایا تھا جبکہ 2001 تک روس اور یوکرین میں وہ ایسے 17 اہرام تعمیر کرچکے تھے۔ 2010 تک پوری دنیا میں ایسے اہرام بنے اور ان کی تعداد 50 سے تجاوز کرگئی لیکن بڑی تعداد میں وہ روس اور یوکرین میں ہی تعمیر کیے گئے تھے۔

تمام اہراموں کو پی وی سی پائپ سے بناکر ان پر فائبر گلاس کی شیٹیں ڈالی گئی ہیں۔ انہیں گولڈن سیکشن کے تحت ڈیزائن کیا گیا اور پائی کا تناسب 1 سے 1.618 رکھا گیا ہے۔ یہ تناسب فطری طور پر ڈیزائن اور تعمیرات میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کی بدولت خود مصر کے اہرام سے بھی ترچھے اور لمبے اہرام بنائے جاسکتے ہیں۔ اسی لیے الیگزینڈر کے بنائے گئے اہرام بہت لمبے اور کسی مینار کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔

ایک بڑا ہرم 44 میٹر طویل اور اس کا وزن 55 ٹن ہے جس کی تعمیر میں 5 سال اور دس کروڑ روپے صرف ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ہرم ہر طرف سے توانائی جذب کرتا ہے اور جادوئی اثرات مرتب کرتا ہے۔ الیگزینڈر نے 1999 میں کہا تھا کہ ان کے اہرام ماسکو کو ایڈز، کینسر اور فلو وغیرہ سے محفوظ رکھتے ہیں۔ ان کےمطابق اہرام لوگوں پر حیرت انگیز اثرات مرتب کرتے ہیں۔

ڈاکٹر الیگزینڈر کے مطابق ایک مرتبہ انہوں نے ایک بڑا پتھر اہرام میں رکھ کر اس میں توانائی بھری اور اسے بے قابو قیدیوں کے جیل کے پاس رکھا تو تھوڑی دیر میں قیدی خاموش ہوکر آرام سے بیٹھ گئے۔ اسی طرح روس کی ایک جھیل سیلگر میں انہوں نے اہرام بنانے کا دعویٰ کیا جس سے جھیل کا پانی صاف ہوگیا، زراعت اچھی ہوئی اور نئے پھول کھلے۔

تاہم ڈاکٹر الیگزینڈر عجیب دعویٰ کرتے ہیں کہ اہرام دنیا سے جنگوں اور تنازعات ختم کرسکتے ہیں اور یہاں تک کہ موسموں کو کنٹرول کرکے قدرتی آفات کو بھی پرے رکھ سکتے ہیں۔ تاہم ماسکو میں ایک شدید طوفان آیا اور ان کا اہرام مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہرام دھیرے دھیرے موسم قابو میں کرتا ہے یہ عمل فوری طور پر نہیں ہوتا۔

ڈاکٹر الیگزینڈر اہرام کے اندر کرسٹل اور نیم قیمتی پتھر بھی لگاتے ہیں تاکہ وہ کائنات کی توانائی کھینچ سکیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ایک ہرم 1000 کلومیٹر دائرے میں ان دیکھی توانائی نچھاور کرتا ہے اور لوگوں کی زندگی بہتر بناتا ہے اور ہر شے پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ اہرام ایڈز اور الزائیمر جیسے امراض کو بھی روک سکتے ہیں۔ ان کے اہرام میں آنے والے لوگ رقم ادا کرکے خود کو توانائی فراہم کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ الیگزینڈر وہ پہلے شخص نہیں جو اہرام جیسی ساختوں کو علاج معالجے سے لے کر مختلف مسائل کے حل میں استعمال کررہے ہیں کیونکہ ایسے ہی مفروضات گزشتہ چند صدیوں سے مقبول چلے آرہے ہیں لیکن سائنسی طور پر اب تک ان کی کوئی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔