نگراں حکومت سندھ: متحدہ، فنکشنل لیگ اور این پی پی کا اجلاس

اسٹاف رپورٹر  منگل 12 مارچ 2013
 فوٹو فائل

فوٹو فائل

کراچی:  نگراں حکومت پر مشاورت کے لیے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی3 جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) ، مسلم لیگ (فنکشنل) اور نیشنل پیپلز پارٹی کا اجلاس پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد اپوزیشن لیڈر سید سردار احمد کے چیمبر میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سید سردار احمد کے علاوہ ڈاکٹر صغیر احمد، جام مدد علی اور مسرور خان جتوئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ کے آئندہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے اپوزیشن کی طرف سے نام دینے کے معاملے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ف) کے پارلیمانی لیڈر جام مدد علی نے کہا کہ ہماری جانب سے 3 نام اور ایم کیو ایم کی جانب سے بھی 3 نام دیے جائیں گے ۔ پھر ان 6 ناموں میں سے اپوزیشن جماعتیں ایک یا 2 ناموں پر اتفاق کریں گی اور یہ نام حکومت کو دیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ میں اس سلسلے میں پیر صاحب پگارا سے نام لے کر دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت کروں گا اور امید ہے کہ منگل کی شام تک ہم اپنے 3 نام اپوزیشن لیڈر کو دے دیں گے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔