تبدیلی بیلٹ سے آئیگی، انتخابات وقت پر ہونگے،وزیراعظم

نمائندہ ایکسپریس  منگل 12 مارچ 2013
 فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

اسلام آ باد:  وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے آزادانہ اور شفاف انتخابات کرانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری ملک میں تبدیلی صرف بیلٹ کے ذریعے آئے گی۔

انتخابات بروقت ہونگے، وہ ارکان اسمبلی سیدعنایت علی شاہ، ثریاجتوئی اور قاسم شاہ سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران جو ترقیاتی کام مکمل کیے گئے اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ وزیراعظم نے سینیٹرہمان داس اور سینیٹرامرجیت ملہوترا کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ غیرمسلم پاکستانی برابر کے شہری ہیں اور ان کے حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت غیرمسلم برادری کی فلاح وبہبود کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم سے آسٹریلوی وزیراعظم کے خصوصی نمائندے ایئرچیف مارشل(ر) ہوسٹن نے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کا عزم کررکھا ہے۔

جبکہ زرعی ترقیاتی بینک کے صدر احسان الحق اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکااشرف سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پی پی پی نے ہمیشہ کسانوں اور دیہی عوام کے مفادات کا تحفظ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی زراعت دوست پالیسیوں سے مثبت اثرات برآمد ہوئے ہیں اور آج پاکستان گندم برآمد کررہا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔