بھارت: 4سگی بہنوں پر تیزاب سے حملہ، متعدد مشکوک افراد زیر حراست

آئی این پی  منگل 12 مارچ 2013
واقعہ رائے گڑھ ضلع کے پوسورعلاقے میں پیش آیا، چاروں بہنیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل فوٹو: فائل

واقعہ رائے گڑھ ضلع کے پوسورعلاقے میں پیش آیا، چاروں بہنیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل فوٹو: فائل

نئی دہلی:  دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدارملک بھارت خواتین کوتحفظ دینے میں ناکام نظرآتا ہے۔

چند نامعلوم افراد نے ایک ہی خاندان کی 4لڑکیوں پرتیزاب پھینک دیا،لڑکیوں کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔برطانوی میڈیا کے مطابق بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ میں رائے گڑھ ضلع کے ایک گاؤں میں چند نامعلوم نوجوانوں نے ایک ہی خاندان کی چار لڑکیوں پر تیزاب پھینک دیا جس کے باعث وہ جھلس گئیں۔

لڑکیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ۔واقعہ رائے گڑھ ضلع کے پوسور علاقے میں پیش آیا۔لڑکیاں ہندو مذہب کی مقدس کتاب رامائن کا پاٹھ یعنی کہانی سننے کے بعدگھر واپس لوٹ رہی تھیں کہ اندھیرے میں نامعلوم افراد نے ان پرتیزاب پھینک دیا۔تمام لڑکیاں سگی بہنیں ہیں اور 10 سے 16 سال کی عمر کی بتائی جاتی ہیں۔

رائے گڑھ کے پولیس سپرینٹنڈنٹ راہل بھگت نے میڈیا کو بتایا کہ اس معاملے میں کچھ لوگوں کوشک کی بنیاد پرحراست میں لیا گیا ہے اور ان سے اس بابت پوچھ گچھ کی جا رہی ہے،تاہم ملزمان کی شناخت نہیں ہوئی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔