کنگنا کا فلم ’’پدماوتی‘‘ پر دپیکا کی حمایت سے انکار

ویب ڈیسک  اتوار 3 دسمبر 2017
کنگنا رناوت بھارت  میں خواتین کے حقوق کے خلاف آواز آٹھانے میں پیش پیش رہتی ہیں۔ فوٹو: فائل

کنگنا رناوت بھارت میں خواتین کے حقوق کے خلاف آواز آٹھانے میں پیش پیش رہتی ہیں۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے دپیکا پڈوکون کو ملنے والی دھمکیوں کے خلاف جاری مہم کی حمایت کرنے سے انکار کردیا۔

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت اپنی حقیقی اداکاری کی وجہ سے خاصی مقبول ہیں وہیں وہ بھارت میں خواتین کے حقوق کے خلاف بھی آواز آٹھانے میں پیش پیش رہتی ہیں لیکن انہوں نے فلم’پدماوتی‘ کی وجہ سے دپیکا پڈوکون کو ملنے والی دھمکیوں کے خلاف چلنے والی مہم کی حمایت کرنے سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ دپیکا کو فلم ’پدماوتی‘ کی وجہ سے انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے خلاف شبانہ اعظمی نے ’دپیکا بچاؤ‘ مہم شروع کر رکھی ہے جس کا مقصد وزیر اعظم سے دپیکا پڈوکون کی جان کی حفاظت کا تحفظ کرانا ہے،اس مہم میں بالی ووڈ کے بڑے بڑے ستارے دستخط کرچکے ہیں جس میں ہیما مالینی، جیا بچن، کرینہ کپور، انوشکا شرما سمیت کئی دیگر اسٹارز شامل ہیں لیکن جب کنگنا رناوت کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے دستخط کرنے سے صاف انکار کردیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:بالی ووڈ انڈسٹری ’’پدماوتی‘‘ کیلیے میدان میں آگئی

کنگنا کی دستخط نہ کرنے کی وجہ دراصل 2014 میں دپیکا پڈوکون کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا جانا تھا جس میں دپیکا نے کنگنا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے یہ ایوارڈ ان کے نام  کردیا تھا لیکن یہ بات کنگنا کو ایک  آنکھ نہ بھائی تھی جس کی کسر انہوں نے اب نکالی۔

کنگنا کا کہنا تھا کہ دپیکا کو اگر اُس وقت میری حوصلہ افزائی ہی کرنی تھی تو وہ مجھ سے ذاتی طور پر کہتیں جب کہ اس طرح سب کے سامنے ان کا یہ اقدام مجھے احساس کمتری میں مبتلا کرنے کے مترادف تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔