صدراسمبلیوں کی تحلیل اورانتخابات کا اعلان 16 مارچ کو کریں گے

ویب ڈیسک  منگل 12 مارچ 2013
مسودے کے مطابق الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے انعقاد کے لئے ضروری اقدامات کرنے درخواست کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

مسودے کے مطابق الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے انعقاد کے لئے ضروری اقدامات کرنے درخواست کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

اسلام آ باد: اسمبلی کی آئینی مدت ختم ہونے پر صدر آصف علی زرداری اسمبلیوں کی تحلیل اورآئندہ عام انتخابات کا اعلان 16مارچ کو کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کو حاصل ہونے والے مسودے کی کاپی کے مطابق صدر قومی اسمبلی کو آئینی مدت مکمل ہونے پر تحلیل اور وزرا ئے اعلیٰ کی سفارش پر صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

مسودے کے مطابق الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے انعقاد کے لئے ضروری اقدامات کرنے درخواست کی جائے گی، ذرائع کے مطابق صدارتی فرمان 15 اور 16 مارچ کی درمیانی رات 12 بجتے ہی جاری کیا جائے گا، مرکز اور صوبوں کا ایک دن انتخابات کرانے پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں صدارتی فرمان کے مسودے سے صوبوں کا ذکر ہٹا دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا تعین صدر کا کلی اختیار ہے اور 16 مارچ تک نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہ ہوا تو صدر کابینہ ڈویژن کو وزیراعظم کے نگراں سیٹ اپ کے قیام تک عہدے پر برقرار رہنے کا حکم جاری کریں گے تاہم کابینہ ہر دو صورتوں میں 15 اور 16 مارچ کی درمیانی رات ختم ہو جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔