وزن میں کمی سے پریشان افراد کے لیے خوشخبری

ویب ڈیسک  جمعرات 7 دسمبر 2017
دنیا میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو موٹاپے سے نہیں بلکہ وزن میں کمی کے باعث پریشان ہیں؛ فوٹوفائل

دنیا میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو موٹاپے سے نہیں بلکہ وزن میں کمی کے باعث پریشان ہیں؛ فوٹوفائل

کراچی: دنیا بھر میں لوگ عام طور پر بڑھے ہوئے وزن سے پریشان نظرآتے ہیں اور موٹاپے سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے نت نئے نسخے اور ٹوٹکے آزماتے رہتے ہیں تاہم ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو موٹاپے سے نہیں بلکہ وزن میں کمی کے باعث پریشان ہیں۔

ہمارے آس پاس ایسے کئی لوگ موجود ہیں جن کا وزن قدرتی طور پر کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے وہ نہایت کمزور نظر آتے ہیں ۔ یہ لوگ موٹے لوگوں کی طرح اپنے وزن کو لے کر مشکلات کا شکار ہوتے ہیں اور وزن میں اضافے کے لیے مختلف ٹوٹکےاور حکیمی نسخے استعمال کرتے ہیں۔ اکثر یہ نسخے استعمال کرنے سے انہیں فائدے کے بجائے نقصان ہوتا ہے۔ لہٰذا یہاں وزن میں اضافے کے لیے چند غذائی اجزاکے متعلق بتایاجارہا ہے جن سے نہ صرف کیلوریز میں اضافہ ہوگا بلکہ ان سے جسم کو نقصان بھی نہیں پہنچے گا۔

چاول:

وزن میں اضافے کے لیے سب سے موثر غذا چاول ہے یہ باآسانی ہر جگہ دستیاب ہوتا ہے اور اسے ہرکوئی گھر پر بناسکتا ہے۔ وزن میں اضافے کے خواہشمند افراد براؤن رائس کی جگہ سفید چاول لیں دونوں میں فرق صرف فائبر کا ہوتا ہے۔ براؤن رائس میں فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اسی لیے انہیں موٹے افراد کو کھانے کا مشورہ دیاجاتا ہے فائبر وزن گھٹانے میں اہم کردار اداکرتا ہے۔ جب کہ سفید چاول میں فائبر کی مقدار کم ہوتی ہے ۔ ایک کپ پکے ہوئے چاولوں میں تقریباً 180 کیلوریز موجود ہوتی ہیں یہ وزن میں اضافہ کے خواہشمند افراد کے لیے مکمل اور بہترین غذا ہے۔

خشک میوے:

خشک میووں میں بھی کیلوریز کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے ۔ وزن میں اضافے کے لیے بعض افراد تیل میں تلی ہوئی چیزیں اور چپس وغیرہ کھاتے ہیں جن سے جسم میں چربی بڑھ جاتی ہے اور ان میں موجود غیرمعیاری تیل دل کے لیے بھی نقصان دہ ہوتاہے لہٰذا دبلے پتلے لوگ وزن میں اضافے کے لیے اسنیکس کے طور پر خشک میوہ جات کھائیں ان میں گڈ فیٹس(چربی)، کاربوہائیڈریٹ اور پروٹین وافر مقدار میں پائی جاتی ہیں جو وزن میں اضافہ کرنے کے ساتھ جسم کو نقصان بھی نہیں پہنچاتی۔

کاربوہائیڈریٹ اور نشاستہ دار غذائیں:

وزن میں اضافے کے لئے ایسی سبزیاں کھائیں جن میں نشاستہ موجود ہوجیسے آلو، مٹر،شکر قندی، شملہ مرچ وغیرہ۔ اس کے علاوہ کاربوہائیڈریٹ سے بھرپور غذائیں جیسے بھٹا، ڈبل روٹی اور مختلف طرح کے بیج بھی وزن میں اضافے کے لیے بہترین غذا ہیں۔

پنیر:

پنیر جسے عام طور پر’چیز‘بھی کہاجاتا ہےمیں  70 فیصد گڈ فیٹس ہوتے ہیں۔ چیز کو عموماً بیرون ممالک زیادہ استعمال کیا جاتا ہے تاہم اب یہ پاکستان میں بھی  مختلف کھانوں میں استعمال ہونے لگا ہے ۔چیز کے 1 گرام کے ٹکڑے میں 9 گرام کیلوریزموجود ہوتی ہیں۔ لہٰذاوزن میں اضافے کے خواہشمند افراد کے لیے چیز(پنیر) سے بہتر اور کچھ نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔