انڈین ویلز ٹینس؛ واورنیکا نے لیٹن ہیوٹ کا قصہ تمام کردیا

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  بدھ 13 مارچ 2013
ویمنز میں آذرنیکا، کیربر، سمانتھا اسٹوسر اور کیرولین ووزینسکی نے پری کوارٹر فائنل میں نشست محفوظ کرالی۔   فوٹو: فائل

ویمنز میں آذرنیکا، کیربر، سمانتھا اسٹوسر اور کیرولین ووزینسکی نے پری کوارٹر فائنل میں نشست محفوظ کرالی۔ فوٹو: فائل

انڈین ویلز / کیلیفورنیا: انڈین ویلز ٹینس چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن راجرفیڈرر نے ایوان ڈوڈگ کو پچھاڑتے ہوئے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی۔

کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کیلیے انھیں اپنے دیرینہ دوست اور ہموطن اسٹینسلس واورنیکا کو راہ سے ہٹانا پڑے گا، جنھوں نے لیٹن ہیوٹ کا قصہ تمام کیا، رافیل نڈال کورٹ میں اترے بغیر چوتھے مرحلے میں پہنچ گئے، ان کے حریف لیونارڈو میئر کمر میں تکلیف کے سبب مقابلے میں حصہ نہیں لے سکے، ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا ، اینجلیک کیربر ، سمانتھا اسٹوسر اور کیرولین ووزینسکی نے بھی پری کوارٹر فائنل میں نشست محفوظ کرالی۔

تفصیلات کے مطابق مینز سنگلز تیسرے راؤنڈ میں 2 سیڈ سوئس اسٹار راجرفیڈرر نے کروشیا کے ایوان ڈوڈگ کو پچھاڑنے میں61 منٹ صرف کیے، دفاعی چیمپئن کی جیت کا اسکور 6-3 اور 6-1 رہا، میچ کے اختتامی مراحل پر اگرچہ فیڈرر کو کمر میں جھٹکا لگا تاہم ان کا کہنا ہے کہ زیادہ پریشانی کی بات نہیں ایسا اکثر ان کے ساتھ ہوتا رہتا ہے، اگلے میچ سے قبل ایک دن کا آرام اس معمولی تکلیف سے نجات پانے کیلیے کافی ہوگا، کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کیلیے فیڈرر کو بچپن کے دوست ہموطن اسٹینسلس واورنیکا سے مقابلہ کرنا پڑے گا۔

8

جنھوں نے تیسرے راؤنڈ میں آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ کو 6-4،7-5 سے ہرا دیا، لیونارڈو میئر کیخلاف رافیل نڈال کو واک اوور مل گیا، ارجنٹائنی پلیئر کمر کی انجری کے سبب میچ کے لیے کورٹ میں نہیں اترپائے، نڈال کا اگلا میچ لٹویا کے ارنسٹ گلبز سے ہوگا، جنھوں نے اطالوی پلیئر آندریس سیپی پر 5-7،6-3 اور 6-4 سے ہاتھ صاف کیا، گلبز رواں سیزن میں بطور کوالیفائر ڈیرلے بیچ میں ٹائٹل حاصل کر کے تمام بڑے پلیئرز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا چکے ہیں، وہ گذشتہ 17 دنوں میں 13 میچز جیت کر بلند عزائم رکھتے ہیں، 6 سیڈ ٹوماس بریڈیچ نے جرمن حریف فلورین میئر کو 6-4،6-1 سے مات دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔

ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا نے تیسرے راؤنڈ میں سست آغاز کے باوجود بیلجیئن پلیئر کرسٹن فلپکنز کو 3-6،6-3 اور 6-0 سے قابو کرلیا، آذرنیکا کے لیے سیزن کا آغاز بڑا شاندار رہا جس میں انھوں نے آسٹریلین اوپن ٹرافی کا دفاع کرنے کے ساتھ دوحا میں بھی ٹائٹل پر قبضہ جمایا، انڈین ویلز میں بھی وہ اعزاز کا دفاع کرکے سابق پلیئر مارٹینا نیواراٹلووا کی ہمسر بن سکتی ہیں، جنھوں نے لگاتار دو ٹائٹلز 1990 اور 1991 میں جیتے تھے۔

فورتھ سیڈ جرمن کھلاڑی اینجلیک کیربر نے بیلجیئم کی پلیئر یانیا وکمائر کو 6-1،7-6(7/4) سے گھر واپسی کا راستہ دکھادیا، سابق یوایس اوپن چیمپئن آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نے چینی پلیئر پینگ شوئی کو6-3،3-6 اور 6-2 سے ہرایا،کیرولین ووزینسکی نے الینا ویسنینا کو 6-2،6-1 سے زیر کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔