وزیراعظم بن گیا تو قوم کو 800 ارب روپے اکٹھے کرکے دکھاؤں گا، عمران خان

ویب ڈیسک  بدھ 6 دسمبر 2017

بنوں: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ انشا اللہ مرکزمیں ہماری حکومت ہوگی اوراگر وزیراعظم بن گیا تو 800 ارب روپے قوم کو اکٹھے کرکے دکھاؤں گا۔

بنوں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میری اُمید نوجوانوں سے ہے، پاکستان میں تحقیق کے میدان میں کام نہیں ہورہا، ہمیں اس پرتوجہ دینی چاہیے، تحقیق کے فقدان کی وجہ سے ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں، دیگر ممالک نے تعلیم اور انسانوں کی فلاح پر رقم خرچ کی، صرف سنگا پور یونیورسٹی کا بجٹ پاکستان کے پورے بجٹ کے برابر ہے۔ مرکز میں ہمیں حکومت ملے گی تو تعلیم اور صحت پر رقم خرچ کریں گے۔

پی ٹی آئی چئیرمین کا کہنا تھا کہ دنیا جومرضی کہہ لے لیکن کام وہ کریں جوآپ کے دل سے آواز آتی ہے، جتنا بڑا مقصد ہوتا ہے اتنی ہی بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انسان ہارتا تب ہے جب وہ ہار مان جاتا ہے، چیمپئن وہ ہوتا ہے جو برے وقت سے سیکھتا ہے اورجب آپ مار کھا کر پھر سے کھڑے ہوتے ہیں آپ اور زیادہ طاقتور ہو جاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارا ملک اس لئے عظیم نہیں بنا کیونکہ حکمرانوں نے قوم کو مایوس کیا، ملک میں پختون، اُردو بولنے والوں کے نام اور جاگ پنجابی جاگ کے نعرے سے سیاست کی جارہی ہے۔  ہمارے خرچوں اور آمدنی کے درمیان بہت زیادہ فرق ہے، وفاقی حکومت پیسے اکٹھے نہیں کرسکتی جس کی وجہ سے ملک قرضوں میں ڈوب رہا ہے۔ رواں برس خیبرپختونخوا کو وفاق کی جانب سے 110 ارب روپے ملنے تھے لیکن ہمیں 35 ارب روپے نہیں ملے۔  میں وہ پاکستانی ہوں جسے قوم سب سے زیادہ پیسا دیتی ہے۔ انشاء اللہ مرکزمیں ہمیں حکومت ملے گی اورمیں وزیراعظم بن گیا تو 800 ارب روپے قوم کو اکٹھا کرکے دکھاؤں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔