قائد آباد میں آپریشن،رینجرز نے 31 افراد حراست میں لے لیے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 13 مارچ 2013
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

کراچی:  رینجرز نے قائد آباد کے علاقے گلشن بونیر میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی لی۔

آپریشن کے دوران 31 افراد کو حراست میں لیا گیا جن سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا،حراست میں لیے گئے افراد میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے4 افراد بھی شامل ہیں ، آپریشن کی فضائی نگرانی بھی کی گئی جبکہ کمانڈوز اور لیڈی سرچر نے بھی کارروائی میں حصہ لیا ، شہر کے دیگر علاقوں میں بھی رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 10 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔

آپریشن کئی گھنٹے تک جاری رہا جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، لوگوں کو اپنے دفاتر اور روزگار پر جانے میں دشواری رہی ، اس کے علاوہ ناظم آباد ، سرجانی ٹاؤن ، لیاقت آباد سمیت مختلف علاقوں میں رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 10 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔

رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے ایکسپریس کو بتایا کہ گلشن بونیر میں آپریشن کے دوران رینجرز نے31 افراد کو حراست میں لیا جبکہ مختلف اقسام کے 88 ہتھیار جبکہ سیکڑوں راؤنڈز اور کارتوس برآمد کیے گئے ، نیو کراچی میں بھی رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔