بگ باس کا گھر توڑ دیا گیا

ویب ڈیسک  بدھ 6 دسمبر 2017
 27 نومبر کو بگ باس انتظامیہ کو نوٹس بھیج دیا گیا تھا، ترجمان میونسپل کارپوریشن۔ فوٹو: فائل

27 نومبر کو بگ باس انتظامیہ کو نوٹس بھیج دیا گیا تھا، ترجمان میونسپل کارپوریشن۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بھارتی میونسپل کارپوریشن نے مشہور ٹی وی ریئلٹی شو بگ باس کے 11 ویں سیزن کا گھرغیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے توڑ دیا۔ 

بھارت میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا متنازعہ شو ’’بگ باس‘‘ نے گزشتہ کئی برسوں سے کروڑوں لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ بالی ووڈ سلطان کی میزبانی ہے جو ابتدائی چند سیزن کو چھوڑ کر اب تک شو کے اہم ترین ممبر سمجھے جاتے ہیں اور مداح ان کی میزبانی سے ہمیشہ محظوظ ہوتے ہیں لیکن اب بگ باس کےچاہنے والوں کیلیے ایک بری خبر سامنے آئی ہے کہ شو کے گیارویں سیزن کا گھر غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے توڑ دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے ’بگ باس‘ سیزن 11 کے گھر کے غیر قانونی طور پر تعمیر 13 بیت الخلا توڑ دیے ہیں جس پر بگ باس کےعملے کی جانب سے اس اقدام کی سخت مخالفت کی گئی۔

میونسپل کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارے کی جانب سے 27 نومبر کو بگ باس انتظامیہ کو نوٹس بھیج دیا گیا تھا لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی جب کہ یہ کارروائی  ممبئی صوبائی میونسپل قانون کے تحت کی گئی ہے جس میں نوٹس کے ایک دن بعد غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔