سانحہ حویلیاں کو ایک برس بیت گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 7 دسمبر 2017

سانحہ حویلیاں کوایک برس بیت گیا لیکن جاں بحق ہونے والوں کی یادیں ورثاء کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں جب کہ حکومتی اداروں کی بے حسی نے لواحقین کو دربدر کی ٹھو کریں کھانے پر مجبور کردیا ہے۔

سانحہ حویلیاں کو ایک برس بیت گیا اور اس سانحے نے 47 خاندانوں کو رلا دیا جب کہ اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی یادیں ورثاء کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔

دوسری جانب حکومتی اداروں نے بے حسی کی انتہا کرتے ہوئے طیارے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے اور مزید ستم یہ کہ اپنے پیاروں کی جدائی کےغم میں نڈھال ورثاء دفاتر کے چکر لگاتے لگاتے تھک گئے لیکن اپنوں کو کھونے والے 20خاندانوں کو انشورنس کی رقم نہیں ملی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :دل دل پاکستان سے دلوں کو جیتنے والے جنید جمشید کی آج پہلی برسی

متاثرین نے بتایا کہ پی آئی اے اور حکومتی اداروں نے داد رسی تو کیا پہلی برسی پر تعزیت بھی نہیں کی، حکومت نے ابھی تک جاں بحق افراد کی ڈی این اے رپورٹس نہیں دیں جب کہ متاثرین نے آج احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 7 دسمبر کو چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے پی آئی اے کا جہاز حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 47 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جن میں جنید جمشید،ان کی اہلیہ، ڈپٹی کمشنر چترال اوران کی فیملی شامل تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔