سری لنکا نے اسموگ اور بھارتی بولرزکے وار سہہ لیے

اے ایف پی  جمعرات 7 دسمبر 2017
410کے جواب میں آئی لینڈرزکے5وکٹ پر299رنز،دھنن جایاکی سنچری
فوٹو: اے ایف پی

410کے جواب میں آئی لینڈرزکے5وکٹ پر299رنز،دھنن جایاکی سنچری فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی:  دہلی ٹیسٹ میں سری لنکا نے اسموگ اور بھارتی بولرز کے وار سہہ لیےاور میچ ڈرا ہو گیا مگر دوسرے ٹیسٹ میں فتح کی بدولت میزبان نے مسلسل نویں سیریز اپنے نام کرکے آسٹریلیاکا ریکارڈ برابر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق دہلی کی آلودہ کنڈیشنز میں 410 رنزکے تعاقب میں جانے والی سری لنکن ٹیم 35 رنز پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھی، ایسے میں شکست صاف دکھائی دے رہی تھی تاہم آخری روز دھنن جایا ڈی سلوا اور روشین سلوا کی بھرپور مزاحمت نے ناکامی کو ٹال دیا۔ آئی لینڈرز نے دن کا آغاز 31 رنز 3 وکٹ سے کیا، شروع میں ہی انجیلو میتھیوز صرف ایک رن بناکر جڈیجا کی وکٹ بن گئے، اجنکیا راہنے نے سلپ میں شاندارکیچ تھاما، ڈی سلوا کو دنیش چندیمل نے جوائن کیا، دونوں نے میدان کے وسط میں تقریباً 33 اوورز گزارے اور 112 رنز کی شراکت سے مجموعے کو 147 تک پہنچا دیا، چندیمل 36 رنز پر ایشون کی گیند پر بولڈ ہوگئے، اب ان کی جگہ روشین سلوا نے ڈی سلوا کا ساتھ نبھانا شروع کیا۔

مجموعی اسکور 205 پر پہنچا تو ڈی سلوا مسلز میں کھچاؤ کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، انھوں نے 119 رنز بنائے، جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، روشین سلوا اور نروشن ڈیکویلا مجموعے کو 5 وکٹ پر 299 تک لے گئے، اس موقع پر دونوں ٹیموں نے باہمی مشاورت کے بعد میچ کو ڈرا پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا، اگرچہ ابھی 7 اوورز کا کھیل باقی تھا، روشین 74 اور ڈیکویلا 44 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، جڈیجا نے 3 وکٹیں لیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کولکتہ ٹیسٹ بھی ڈرا ہوا تھا تاہم دوسرے ٹیسٹ میں بھارت نے اننگز اور 239 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، اس طرح سیریز 1-0 سے میزبان کے نام رہی، اس کے ساتھ ہی بھارت نے مسلسل 9 ٹیسٹ فتوحات کا آسٹریلوی ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔