امریکا دنیا میں بڑا انتشارپیدا کرنا چاہتا ہے، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  جمعرات 7 دسمبر 2017
 او آئی سی کی میٹنگ بلائی گئی جو با مقصد ہونی چاہیے، خورشید شاہ: فوٹو: فائل

 او آئی سی کی میٹنگ بلائی گئی جو با مقصد ہونی چاہیے، خورشید شاہ: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ امریکا دنیا میں بڑا انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے اور اسلامی ممالک کو صحیح معنوں میں ایک پلیٹ فارم پرآنا ہوگا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عالم اسلام میں بہت زیادہ کشیدگی اورانتشار پیدا ہوا ہے، مسلم ممالک کے باہمی انتشار سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے لیکن اب اسلامی ممالک کو صحیح معنوں میں ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا، جس میں ترکی، ایران اور پاکستان قائدانہ کردار ادا کریں ۔ اس معاملے میں اوآئی سی کا بلایا گیا ہنگامی اجلاس  بامقصد ہونا چاہیے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ڈاکٹرطاہر القادری سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی ملاقاتیں نئی نہیں، ہمارے ماضی میں بھی رابطے رہے ہیں، ہم 2002 میں پرویز مشرف کے خلاف ایک ساتھ چلے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز ملاقات کی دعوت دی، جس پر پیپلز پارٹی کا وفد ان سے ملنے جارہا ہے،  سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل کمشین رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس کے بعد اب اداروں اور عدلیہ کا کام ہے کہ وہ اس کا جائزہ لے کر انصاف کی فراہمی کو ممکن بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔