عبوری سیٹ اپ کے ناموں پر اتفاق ہونے والا ہے،مولابخش چانڈیو

مانیٹرنگ ڈیسک  بدھ 13 مارچ 2013
 فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمامولابخش چانڈیو نے کہاہے کہ انتظارکی گھڑیاں جلد ختم ہونے والی ہیں، سب کچھ خراماں خراماں چل رہا ہے۔

حالات ایسے ہیں کہ حکومت پرسکون ہے، اپوزیشن پرسکون ہے تو پھر بے چینی کس بات کی ہے۔ ایکسپریس نیوزکے پروگرام لائیو ود طلعت میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ عبوری سیٹ اپ کے ناموں پر اتفاق ہونے والا ہے۔ اللہ کرے کہ ایک ایسا وزیراعظم آئے جس پر سب مطمئن ہوں اور وہ شفاف الیکشن کراسکے۔ پیپلزپارٹی کی ایم کیوایم سے سیاسی اور آئینی لڑائی ہے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن قوم کے وقار کی بات ہے۔

 

جب کسی قوم کے وقار کی بات ہوتی ہے تو مسائل تو پیدا ہوتے ہیں۔ اس منصوبے سے پوری قوم خوش ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما لیفٹینٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہاکہ ہم ابھی تک آئین کے مطابق چل رہے ہیں اور یہ قابل فخر بات ہے لیکن ایک پاکستانی ہونے کی حیثیت سے سوچیں تو لگتا ہے کہ مشاورت کے عمل میں بہت تاخیر ہو رہی ہے۔

اب بہت کم وقت رہ گیا ہے، ہمیں بہت سے معاملات طے کرلینے چاہئیں تھے۔ آنے والے وزیراعظم کو بہت سے چیلنجزاور بحرانوں کا مقابلہ کرنا پڑیگا۔ تحریک انصاف کے رہنماغلام سرورخان نے کہاکہ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں عوام کو سرپرائز دینے والی ہیں۔ ان کاآپس میں مک مکا ہوچکا ہے ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ سرپرائز کا جواب سرپرائز سے دیں گے، ہم سڑکوں پر نکلیںگے۔ خوب صورت الفاظ ضرور بولے جارہے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔