دہشت پھیلا کرجعلی مینڈیٹ حاصل کیا جاتا ہے، منور حسن

اسٹاف رپورٹر  بدھ 13 مارچ 2013
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

کراچی:  جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسید منورحسن نے کہا ہے کہ انتخابات کی بڑی اہمیت ہے۔

اس کے نتیجے میں تبدیلی آسکتی ہے،دہشت پھیلاکر جعلی مینڈیٹ حاصل کیاجاتا ہے، روزانہ لاشیں گر رہی ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ دہشت گردوں کوووٹ نہ دیا جائے‘جماعت اسلامی کے ای ایس سی کے ملازمین کے ساتھ ہے اوران پر روا رکھے جانے والے ظلم کے خلاف ہرپلیٹ فارم پرآواز بلند کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کے ای ایس سی لیبریونین کے تحت کے ای ایس سی پاورہاؤس نزد شاہین کمپلیکس میں منعقدہ ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرز کنونشن سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی‘کے ای ایس سی لیبر یونین کے چیئرمین اخلاق احمد‘ جنرل سیکریٹری حاجی شہزاد خان‘دارالسلام‘ عبدالوحد کاظمی اوردیگرنے بھی خطاب کیا۔

منورحسن نے کہاکہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا اورمظلوموں کی داد رسی کرنا نبی کریمؐ کی سنت ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم ووٹ انہیں دیتے ہیں جو ظلم کرتے، بھتہ لیتے اوربوری بند لاشوں کی سیاست کرتے ہیں‘ جب تک اس کلچر کو تبدیل نہیں کیا جائے گا معاشرے میں تبدیلی نہیں آئے گی۔ انھوں نے کے ای ایس سی انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے انجام سے ڈرے جب ظلم حد سے بڑھتا ہے تومظلوموں میں ردعمل پیداہونا ایک فطری بات ہے۔ کے ای ایس سی انتظامیہ کے فیصلے قابل مذمت ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔