بھارتی اداکارہ ریچا چڈھا نے پاکستانیوں کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے

ویب ڈیسک  جمعرات 7 دسمبر 2017
پاکستان کے لوگ بہت گرمجوش اور اچھے ہوتے ہیں، اداکارہ ریچا؛ فوٹوفائل

پاکستان کے لوگ بہت گرمجوش اور اچھے ہوتے ہیں، اداکارہ ریچا؛ فوٹوفائل

لاہور: نامور بھارتی اداکارہ ریچا چڈھا نے پاکستانیوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی لوگ بہت اچھے ہوتے ہیں اگر انہیں موقع ملا تو وہ پاکستان میں ضرورکام کریں گی۔

نامور بالی ووڈ اداکارہ ریچا چڈھا کاشمار بالی ووڈ کی نمبرون اداکاراؤں میں تو نہیں ہوتا لیکن وہ کسی نمبرون اداکارہ سے کم بھی نہیں ہیں۔ اداکارہ ریچا کے بارے میں اگر یہ کہا جائے کہ وہ اپنی محنت کے بل بوتے پر اس مقام پر پہنچی ہیں تو غلط نہ ہوگا۔ ریچا کو بالی ووڈ میں کام کرتے ہوئے تقریباً 10 برس کا عرصہ گزر چکا ہے اور ان 10 برسوں میں انہوں نے متعدد فلموں میں کام کیا ہے جن میں ’مسان‘، سربجیت‘،اوئے لکی اوئے‘وغیرہ شامل ہیں تاہم گزشتہ برس فلم’فقرے‘نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر لاکھڑا کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  ریچا چڈھا فواد خان کی حمایت میں بول پڑیں

اداکارہ ریچا چڈھا کچھ سال قبل پاکستان کا دورہ بھی کرچکی ہیں۔ حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی بار رفیع پیرزادہ گروپ تھیٹر کے پلے کے لیے پاکستان کے شہر لاہور آئی تھیں۔ انہوں نے لاہور میں گزارے گئے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج تک لاہور کی گلیاں، لاہور کا مشہورانار کلی بازار اور گوال منڈی کا کھانا نہیں بھول سکی ہیں۔

ریچا چڈھا نے پاکستانیوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگ بہت گرمجوش اوراچھے ہوتے ہیں۔ میری ذاتی رائے یہ ہے کہ بارڈر کے دونوں جانب کے لوگ امن چاہتے ہیں یہ سیاستدان ہی ہوتے ہیں جو لوگوں کو کنفیوژ کرتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اداکارہ ریچا چڈھا سیاستدانوں سے سخت مایوس

پاکستان میں کام کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہاں پہلے ہی بہت سے بھارتی فنکار کام کررہے ہیں اور اگرانہیں بھی پیشکش ہوئی اور اسکرپٹ اچھا ہوا تو وہ اسے اپنے لیے خوش قسمتی سمجھتے ہوئے پاکستان میں ضرور کام کریں گی۔ ریچا نے دوبارہ پاکستان آنے کے حوالے سے کہا کہ وہ دوبارہ ضرور پاکستان آنا چاہیں گی اور اس بارلاہور کے علاوہ کراچی اور اسلام آباد سمیت پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کا دورہ بھی کریں گی۔ انہوں نے پاکستان میں موجود اپنے مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ پاکستان میں بھی میرے لاکھوں مداح موجود ہیں میری کوشش ہوگی کہ میں پاکستان میں موجود اپنے مداحوں کو اچھی فلموں کے ذریعے تفریح فراہم کروں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔