امریکا سے جنگ فرض ہوچکی اب صرف تاریخ طے ہونا باقی ہے، شمالی کوریا

ویب ڈیسک  جمعرات 7 دسمبر 2017
ہم جنگ نہیں چاہتے تاہم اس سے پیچھے بھی نہیں ہٹیں گے، وزیرخارجہ شمالی کوریا :  فوٹو : فائل

ہم جنگ نہیں چاہتے تاہم اس سے پیچھے بھی نہیں ہٹیں گے، وزیرخارجہ شمالی کوریا : فوٹو : فائل

پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے امریکا سے جنگ چھڑنے کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پر جنگ فرض ہوچکی ہے اب صرف اس کی تاریخ طے ہونا باقی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی بڑے پیمانے پر مشترکہ فوجی مشقوں اور جنگ کی دھمکیوں نے کوریائی خطے میں جنگ کو یقینی بنا دیا ہے،  امریکا نے ایسا کرکے ایک طرح سے جنگ کا اعلان کردیا ہے۔

شمالی کوریا کے وزیرخارجہ ری یونگ ہو نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ امریکی حکام جزیرہ نما کوریا کو جنگ میں دھکیلنے کے لئے محاذ آرائی پر مبنی بیانات دے رہے ہیں، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن جنگ سے بھاگنے والے بھی نہیں۔

ری یونگ ہو کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا پر جنگ فرض ہوچکی ہے صرف اس کی تاریخ طے ہونا باقی ہے اگر امریکا نے ہمارے صبر کو کمزوری سمجھ  کر جوہری جنگ شروع کی تو شمالی کوریا اسے بھاری قیمت چکانے پر مجبور کردے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔