پاک بحریہ کو ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ دسویں مرتبہ کامیابی سے مکمل کرنے کا اعزاز حاصل

ویب ڈیسک  جمعرات 7 دسمبر 2017
ٹاسک فورس-150 خطے میں دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سرگرم عمل ہے،فوٹو:فائل

ٹاسک فورس-150 خطے میں دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سرگرم عمل ہے،فوٹو:فائل

 کراچی: پاک بحریہ نے دسویں بار کثیرالملکی ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ کامیابی سے مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کثیرالملکی مشترکہ ٹاسک فورس-150 خطے میں دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سرگرم عمل ہے، کمانڈ کی کامیاب تکمیل پر کثیرالملکی مشترکہ ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ رائل آسٹریلین نیوی کے حوالے کردی گئی ہے۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب ہیڈ کوارٹرز کمبائنڈ میری ٹائم فورسز بحرین میں منعقد ہوئی جس میں پاک بحریہ کے افسران نے کمانڈ آسٹریلین نیوی کے سپرد کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان نیوی نے کثیرالقومی ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ 10ویں مرتبہ سنبھال لی

اس موقع پر ٹاسک فورس کی کمانڈ کرنے والے پاک نیوی کے ریئرایڈمرل نویدرضوی نے کہا کہ دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پاکستان ہمیشہ سے ثابت قدم اور پْر عزم ہے۔ سمندر میں غیر قانونی سر گرمیوں کی روک تھام کے لیے پاک بحریہ کے کلیدی کردارکے باعث اتحادی نیول فورسزسے تعلقات مضبوط تر ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال 17 اگست کو کثیرالملکی ٹاسک فورس -150 کی کمانڈ دسویں مرتبہ پاک بحریہ کے حوالے کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔