پاراچنار میں سیکیورٹی اہلکار کو لڑکی سے محبت کے الزام میں سنگسار کر دیا گیا

اے ایف پی  بدھ 13 مارچ 2013
 انوارالدین پر الزام تھا کہ وہ اس لڑکی سے چھپ چھپ کر ملتا تھا اور گزشتہ اتوار دونوں کو قبرستان میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔ فوٹو: فائل

انوارالدین پر الزام تھا کہ وہ اس لڑکی سے چھپ چھپ کر ملتا تھا اور گزشتہ اتوار دونوں کو قبرستان میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔ فوٹو: فائل

پارا چنار: کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں سیکیورٹی اہلکار کو لڑکی کے ساتھ محبت کرنے کے الزام میں سنگسار کر کےقتل کر دیا گیا۔

پاراچنار میں قبائلی جرگا منعقد ہوا جس میں 25 سالہ انوارالدین کو وہاں کی رہائشی 18 سال کی لڑکی سے محبت کرنے کے الزام میں سنگسار کرنے کا فیصلہ سنایا گیا جس کے بعد فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے 40 سے 50 افراد نے اسے پتھر مار کر ہلاک کر دیا۔ مقامی افراد نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ انوارالدین پر الزام تھا کہ وہ اس لڑکی سے چھپ چھپ کر ملتا تھا اور گزشتہ اتوار دونوں کو قبرستان میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔

انوارالدین نے سب کے سامنے اس بات کا اقرار کیا کہ وہ اس لڑکی سے کئی بار مل چکا ہے جس کے بعد جرگے نے لڑکے کو اسی قبرستان میں سنگسار کرنے کا حکم دیا،مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی حکام نے واقعے کی تصدیق کی مگر اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا،مقامی افراد کے مطابق ابھی لڑکی کے حوالے سے جرگے نے کوئی فیصلہ نہیں کیا لیکن خدشہ ہے کہ اسے بھی اس جرم میں قتل کی سزا سنا دی جائے گی۔

لڑکے کی لاش کو جس اسپتال لے جایا گیا وہاں کے ڈاکٹرز نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاش بری طرح مسخ حالت ميں اسپتال لائی گئی تھی، لاش کا چہرہ اتنی بری طرح زخمی ہو چکا تھا کہ اسے شناخت بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ لاش کو ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد میں پیراملٹری فورسز اپنے ساتھ لے گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔