ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں کی یادگار شہدا حاضری کی کوشش، متعدد گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 دسمبر 2017
ایم کیو ایم لندن نے آج یوم شہادت منانے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: فائل

ایم کیو ایم لندن نے آج یوم شہادت منانے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پولیس نے یادگار شہدا پر حاضری کی کوشش کرنے والے ایم کیو ایم لندن کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

بانی ایم کیو ایم نے 9 دسمبر کو یوم شہدا منانے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو یادگار شہدا پر حاضری کی اپیل کی تھی، جس پر کراچی اور حیدر آباد میں پولیس نے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ کراچی میں عائشہ منزل سے لیاقت علی خان چوک تک کے راستے سیل کردیئے گئے تھے، عزیز آباد سے متصل علاقوں میں کارکنوں نے بعض مقامات پر احتجاج کیا تاہم پولیس نے مظاہرین کو منتشر کردیا، اس دوران چند افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

حیدرآباد میں بھی پولیس نے پکا قلعہ میں واقع شہداء قبرستان جانے والے راستے سیل کر دیئے، ایم کیو ایم لندن کی خواتین کارکن قلعہ چوک پہنچیں تو پولیس نے انہیں روک دیا، جواب میں انہوں نے نعرے بازی شروع کر دی۔ پولیس نے ایم کیو ایم لندن کی خواتین کارکنان کو فوری طور پر چوک خالی کرنے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔