کراچی: سی آئی ڈی پولیس کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد گرفتار، اسلحہ برآمد

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 13 مارچ 2013
ملزمان كراچی میں اغوا برائے تاوان اور بینک ڈكیتی كی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ایس ایس پی سی آئی ڈی فیاض خان   فوٹو: فائل

ملزمان كراچی میں اغوا برائے تاوان اور بینک ڈكیتی كی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ایس ایس پی سی آئی ڈی فیاض خان فوٹو: فائل

کراچی: سی آئی ڈی پولیس نے منگھو پیر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایس ایس پی سی آئی ڈی آپریشن فیاض خان کے مطابق خفیہ اطلاع  پر منگھوپیر میں كارروائی کرتے ہوئے شعیب محسود، خالد رحمان محسود اور اورنگزیب محسود نامی دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے خودكش جیكٹ، ڈیٹونیٹر، بال بیئرنگ، ڈیٹونیٹنگ وائر، 5 دستی بم، ایک كلاشنكوف اور 2 ٹی ٹی پستول برآمد کرلی، گرفتار دہشت گردوں كا تعلق کالعدم تحریک طالبان كے حكیم اللہ محسود گروپ سے ہے۔ ان کا کہنا تھا ملزمان كراچی میں اغوا برائے تاوان اور بینک ڈكیتی كی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

فیاض خان نے بتایا کہ ملزمان سے كراچی میں ہونے والے بم دھماكوں كے حوالے سے بھی تفتیش كا آغاز كردیا گیا ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان شہر میں كسی بڑی كارروائی كی منصوبہ بندی كررہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔