کاروں کی تجارتی درآمد، اجازت کیلیے ایف بی آر سے رائے طلب

بزنس رپورٹر  جمعرات 14 مارچ 2013
بندرگاہ پر کھڑی400 کاروں کی کلیئرنس کیلیے بھی زبانی احکام جاری ہوگئے، ایچ ایم شہزاد  فوٹو: فائل

بندرگاہ پر کھڑی400 کاروں کی کلیئرنس کیلیے بھی زبانی احکام جاری ہوگئے، ایچ ایم شہزاد فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی وزارت خزانہ نے استعمال شدہ کاروں کی درآمد پر فرسودگی الاؤنس میں اضافے کے لیے کسٹم جنرل آرڈر 13/2012 میں ترمیم، کاروں کی کمرشل امپورٹ کی اجازت سمیت ریگولیٹری ڈیوٹی کے خاتمے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے رائے طلب کرلی ہے۔

آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین ایچ ایم شہزاد کی قیادت میں وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات کرکے استعمال شدہ کاروں کے لیے یکساں کاروباری مواقع فراہم کرنے اور کاروں کی فرسودگی الاؤنس، درآمدی عمر کی حد میں کمی سمیت ریگولیٹری ڈیوٹی کے خاتمے، استعمال شدہ کاروں کی کمرشل بنیادوں پر درآمد کی اپیل کی تھی ایسوسی ایشن کی جانب سے کسٹم جنرل آرڈر میں ترمیم سے قبل پاکستان کے لیے روانہ ہونے والی 400 کاروں کی آرڈر سے قبل کے فرسودگی الاؤنس پر کلیئرنس کا معاملہ بھی اٹھایا گیا تھا۔

2

ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایچ ایم شہزاد کے مطابق وفاقی وزیر نے ڈیلرز کی اپیل پر غور کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ادھر وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کو بذریعہ خط مطلع کیا گیا ہے وفاقی وزیر خزانہ نے استعمال شدہ کاروں کی درآمد سے متعلق مسائل کے حل اور ایسوسی ایشن کی تجاویز پر حتمی فیصلے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے رائے طلب کرلی ہے۔

ایچ ایم شہزاد نے بتایا کہ کراچی کی بندرگاہ پر کھڑی 400 کاروں کی کلیئرنس کے لیے بھی ایسوسی ایشن کی تجویز پر زبانی احکام جاری کیے جاچکے ہیں اور تحریری احکام ملتے ہیں کئی ماہ سے بندرگاہ پر کھڑی ہوئی کاریں بھی جلد کلیئر کردی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔