صدر کی دوسری بار سیہون آمد منسوخ شہر میں کرفیو کا سماں

نامہ نگار  جمعرات 14 مارچ 2013
 صدر کے سیکیورٹی انچارج نے ایکسپریس نیوز کے رپورٹر نظر پنہور، کیمرہ مین اختر سولنگی سمیت 5صحافیوں کو گرفتار کرکے ایکسپریس نیوز ٹیم کا کیمرہ توڑ دیا۔ فوٹو: فائل

صدر کے سیکیورٹی انچارج نے ایکسپریس نیوز کے رپورٹر نظر پنہور، کیمرہ مین اختر سولنگی سمیت 5صحافیوں کو گرفتار کرکے ایکسپریس نیوز ٹیم کا کیمرہ توڑ دیا۔ فوٹو: فائل

سیہون:  صدر مملکت کا سیہون آمد کا پروگرام دوسری بار منسوخ، شہر میں کرفیو کا سماں، لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔

کوریج کرنے پر ایکسپریس نیوز کے رپورٹر اور کیمرہ مین سمیت 5صحافی گرفتار، سیکیورٹی انچارج نے کیمرے بھی توڑ دیے۔ اعلیٰ حکام کی مداخلت پر صحافی رہا کر دیے گئے، صحافیوں کا صدر کے سیکیورٹی انچارج اور تھانے کے ڈیوٹی افسر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، انکوائری کا مطالبہ، وزیراعلیٰ سندھ کا پروگرام بھی ملتوی۔

تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے دوسرے دن بھی سیہون آنے کا پروگرام ملتوی کر دیا، صدر کی آمد سے قبل شہر میں کرفیو کا سا سماں نظر آرہا تھا، شہر کے تمام راستے سیل کر دیے گئے اور شہری گھروں تک محدود رہے۔ درگاہ کو صبح 5بجے عام زائرین کیلیے بند کر دیا گیا تھا۔

کرفیو کے سماں کی کوریج کرنے پر صدر کے سیکیورٹی انچارج نے ایکسپریس نیوز کے رپورٹر نظر پنہور، کیمرہ مین اختر سولنگی سمیت 5صحافیوں کو گرفتار کرکے ایکسپریس نیوز ٹیم کا کیمرہ توڑ دیا۔ پولیس کے اعلیٰ حکام کی مداخلت پر اے ایس پی سیہون طارق ولایت نے تھانے پہنچ کر صحافیوں کو آزاد کرایا۔

ڈیوٹی انچارج اے ایس آئی واحد بخش گاڈھی نے گرفتار صحافیوں سے بدتمیزی کی، صحافیوں نے صدر کے سیکیورٹی انچارج اور سیہون تھانے کے ڈیوٹی افسر کے خلاف تھانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ انکوائری کرکے انصاف کیا جائے۔

صدر کا پروگرام منسوخ ہونے کے 15منٹ بعد وزیراعلیٰ سندھ کے آنے کا پروگرام بن گیا، ایک بار پھر درگاہ میں موجود زائرین پر لاٹھی چارج کرکے درگاہ کو خالی کرا دیا گیا، زائرین و شہری سارا دن پریشان رہے جبکہ شہر کی 50 فیصد دکانیں و کاروبار بھی بند رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔