ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے باپ، بیٹا اور بیٹی زخمی ، مکینوں نے ڈاکو پکڑ لیا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 14 مارچ 2013
کورنگی بلال کالونی کے گھر میں 2ڈاکوؤں نے مزاحمت پرفائرنگ کردی، ڈاکو شفیع پر مشتعل افراد کا تشدد. فوٹو: فائل

کورنگی بلال کالونی کے گھر میں 2ڈاکوؤں نے مزاحمت پرفائرنگ کردی، ڈاکو شفیع پر مشتعل افراد کا تشدد. فوٹو: فائل

کراچی:  کورنگی بلال کالونی میں مکینوں نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی ۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے باپ ، بیٹا اور بیٹی زخمی ہوگئے، علاقہ مکینوں نے ایک ڈاکوکو پکڑکر تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوکوگرفتار کرلیا ، تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا بلال کالونی میں پختونخوا چوک پر واقع مکان نمبر242 میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب 2 ڈاکو گھسے اور اہل خانہ سے لوٹ مار کی۔

اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 65سالہ اجمیر شاہ ولد احمد ، اس کے بیٹے 25 سالہ وقاص اور اس کی بیٹی 18سالہ سحرش کو زخمی کردیا ، فائرنگ کے نتیجے میں اجمیر شاہ کو پیٹ میں 2 گولیاں لگیں جبکہ اس کے بیٹے اور بیٹی کو بازوؤں میں گولیاں لگیں ، فائرنگ کی آواز سن کر مکین جمع ہوگئے اورگھرکوگھیرلیا جس پر گھبراہٹ میں ڈاکو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے لگے۔

تاہم مکینوں نے ایک ملزم شفیع ولد حسین کو پکڑلیا اور اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہوگیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس علاقے میں پہنچ گئی اور مشتعل افراد کے چنگل سے نکال کر ڈاکو کو گرفتارکرلیا جبکہ اس کے ساتھی کی تلاش میں علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی،پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ڈاکو کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور متعدد راؤنڈ برآمد کرلیے گئے، ملزم گھروں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔