پاکستان نے بھارت کو پچھاڑ کر دبئی بیس بال کپ جیت لیا

اسپورٹس رپورٹرز  اتوار 10 دسمبر 2017
 پاکستانی ٹیم نے میچ کے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاکستانی ٹیم نے میچ کے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

 لاہور: پاکستان بیس بال ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے میں 2-11 سے پچھاڑ کر دبئی کپ جیت لیا۔

ایمریٹس دبئی لٹل لیگ بیس بال گراﺅنڈ میں پاکستان بھارت کے درمیان ہونے والے ایونٹ میں روایتی حریف کو 2-11 سے شکست کا سامنا رہا جب کہ پاکستانی ٹیم نے میچ کے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اور بھارتی ٹیم کے خلاف اسکور کرنے کا سلسلہ جاری رکھا، پہلی اننگز میں کوئی بھی ٹیم اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی جب کہ دوسری اور تیسری اننگز میں دونوں سائیڈز کی طرف سے ایک، ایک اسکور بنا اور چوتھی اننگز میں ایک بار پھر کوئی بھی ٹیم اسکور نہ کر سکی۔

پاکستانی ٹیم نے پانچویں، چھٹی اور ساتویں اننگز میں کھل کر عمدہ کارکردگی کے جوہر دکھائے اور بالترتیب 4، 2 اور3 رنز بنا کر میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا جب کہ آٹھویں اننگز میں کوئی بھی ٹیم اسکور نہ کر سکی۔

پاکستان کی طرف سے کپتان عمیر بھٹی، مصدق حنیف، محمد عثمان، عمیر امداد بھٹی، ذاکر آفریدی، امین آفریدی اور عبدالرحمن کی عمدہ کارکردگی نے گرین شرٹس کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔