پولیس پرحملے ملزمان کیخلاف کارروائیوں کا ردعمل ہیں : ڈی آئی جی ویسٹ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 14 مارچ 2013
پولیس اہلکار گلزار حسین کی نماز جنازہ ادا کیے جانے کے بعد آئی جی سندھ جنازے کو کندھا دے رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

پولیس اہلکار گلزار حسین کی نماز جنازہ ادا کیے جانے کے بعد آئی جی سندھ جنازے کو کندھا دے رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ ویسٹ زون پولیس سب سے زیادہ متحرک ہے۔

ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے ردعمل میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے،یہ بات انھوں نے گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹرز میں منگل کو ناظم آباد کے علاقے میں انو بھائی پار ک کے قریب فائرنگ سے زخمی ہوکر دوران علاج جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار گلزار حسین ولد امیر حسین کی نماز جنازہ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون نے مزید کہا کہ پولیس افسران اور اہلکاروںکونشانہ بنائے جانے کے باجود پولیس کا مورال بلند ہے ،انھوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ پولیس کو کچھ شواہد بھی ملے ہیں،ملزمان تک جلدہی پہنچ جائیں گے ۔

نماز جنازہ میں قائم مقام آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ ،ایس ایس پیز عامر فاروقی ،آصف اعجاز شیخ اور دیگر اعلیٰ افسران کے علاوہ شہید پولیس اہلکار کے اہلخانہ اور عزیز واقارب نے شرکت کی، مقتول پولیس اہلکارگلزار حسین کی میت آبائی علاقے سرگودھا روانہ کردی گئی جبکہ فائرنگ واقعے میں جاں بحق ہونے والے سب انسپکٹر عابد حسین کی میت منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہی حیدر آباد روانہ کردی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔