ارب پتی تاجروں سے شادی کرنے والی بالی ووڈ اداکارائیں

ویب ڈیسک  پير 11 دسمبر 2017
ان اداکاراؤں کی اکثریت نے شادی کے بعد فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے فوٹو: فائل

ان اداکاراؤں کی اکثریت نے شادی کے بعد فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کی بہت سی نامور اداکارائیں ایسی بھی ہیں جنہوں نے بزنس ٹائیکون سے شادی کے بعد فلمی کیرئیر کو خیر باد کہہ دیا۔

آج کی دنیا میں پیسہ ہی سب کے لیے بہت اہم ہے اور کہا جاتا ہے کہ پیسے سے آپ سب کچھ خرید سکتے ہیں سوائے خوشیوں کے لیکن بالی ووڈ کی اداکاراؤں نے اس نظریے کو غلط ثابت کردیا اور بہترین مستقبل کے لیے بہت سی اداکاراؤں نے مشہور کاروباری شخصیات سے شادی کی جس کے بعد فلم انڈسٹری کو بھی خیر باد کہہ دیا۔

شلپا شیٹھی اور راج کندرا

8 جون 1975 میں پیدا ہونے والی شلپا شیٹھی نے فلم ’’بازیگر‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا شاندار آغاز کیا اور متعدد فلمیں کیں جس کے بعد انہوں نے بھارتی نژاد برطانوی کاروباری شخصیت راج کوندرا سے سال 2009ء میں شادی کرلی، ایک مشہور میگزین نے راج کوندرا کا نام ایشیا کے 200 امیر ترین افراد کی فہرست میں 198ویں نمبر پر درج کیا تھا۔ یہ راج کوندرا وہی شخصیت ہیں جنہوں نے سال 2009ء کے کرکٹ ایونٹ آئی پی ایل کے دوران راجستھان رائلز کی ٹیم کو بھی اسپانسر کیا تھا۔

آسین ٹھو ٹمکل اور راہول شرما

32 سالہ آسین نے کئی فلموں گجنی،ریڈی، ویلکم 2 اور بول بچن جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور 2016ء میں  بھارت میں الیکٹرونکس مصنوعات بنانے والی مقامی کمپنی کے مالک راہول شرما سے شادی کرلی، آسین اپنی شادی کے فیصلے سے نہ صرف خوش ہیں بلکہ انہوں نے شادی کے بعد فلموں سے کنارہ کشی بھی اختیار کرلی  ہے تاکہ اپنے اہل خانہ کو بھرپور وقت دے سکیں۔

رانی مکھرجی اور ادتیا چوپڑا

رانی مکھرجی نے 1997ء سے اپنی فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور 1998ء  میں فلم ’’غلام‘‘ میں عامر خان کے مد مقابل آئیں، اسی سال فلم ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ میں شاہ رخ خان کے مقابل سائیڈ ہیروئن کے طور ان کی کارکردگی کو خوب سراہا گیا بعدازاں انہوں نے مشہور ہدایت کار اور یش راج فلمز کے سربراہ ادتیا چوپڑا سے سال 2013ء میں چھپ کر منگنی کی اور 2014ء میں ان سے شادی کی۔

جوہی چاولہ اور جے مہتا

خوش مزاج اداکارہ جوہی چاؤلہ نے سال 1986ء میں فلم ’’سلطنت‘‘ کے ذریعے بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تاہم وہ فلم ’’قیامت سے قیامت تک‘‘ میں شاندار اداکاری کے باعث شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں، انہوں نے بالی ووڈ کی کئی بلاک بسٹر فلموں میں کام کیا اور بھارت کے بزنس ٹائیکون جے مہتا سے 1995ء میں شادی کی، بھارت میں مہتا گروپ ایک معروف نام ہے جن کا بزنس بھارت سمیت بہت سے ممالک افریقہ، امریکا، کینیڈا و دیگر ممالک میں پھیلا ہوا ہے۔

ودیا بالن اور سدھارت رائے کپور

فلم ’’ ڈرٹی پکچرز‘‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی معروف بھارتی اداکارہ ودیا بالن نے 14 دسمبر 2012ء کو سدھارتھ رائے کپور سے مندر میں شادی کی، سدھارتھ رائے کپور پیشے کے اعتبار سے فلم ساز ہیں جو نجی نیوز چینل یو ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں اور ڈزنی انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔