مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم دنیا کو دکھانے پر فرانسیسی صحافی گرفتار

ویب ڈیسک  پير 11 دسمبر 2017
فرانسیسی صحافی نے ویزہ قوانین کی خلاف ورزی کی:فوٹو:فائل

فرانسیسی صحافی نے ویزہ قوانین کی خلاف ورزی کی:فوٹو:فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں پولیس نے پیلٹ گن سے متاثر کشمیریوں پر دستاویزی فلم بنانے والے فرانسیسی صحافی کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی پولیس کے سینئر افسر نے کہا ہے کہ فرانسیسی صحافی پال کومیٹی کو سری نگر میں ویزہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لیا گیا، فرانسیسی صحافی بزنس ویزا پر بھارت آیا لیکن ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئےاس نے حریت پسند جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں اور پیلٹ گن متاثرین پر دستاویزی فلم کے لئے عکسبندی کی، جس پر صحافی کو کوٹھی باغ کےعلاقے سے حراست میں لیا گیا۔

پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ تجارتی ویزے پر آئے ہوئے کسی بھی شخص کو اس بات کی ہرگز اجازت نہیں کہ وہ سیاسی یا سلامتی کے معاملات میں مداخلت کرے اس تناظر میں فرانسیسی صحافی پر ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ گرفتار صحافی سے متعلق فرانسیسی سفارتخانے سے رابطے میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔