میٹروبس پر30 ارب لاگت آئی، ٹرانسپیرنسی نے تصدیق کردی،حنیف عباسی

مانیٹرنگ ڈیسک  جمعرات 14 مارچ 2013
 پیپلزپارٹی کارکردگی کی بنیاد پرالیکشن لڑے گی،اسلام الدین شیخ کا کل تک میں اظہارخیال۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کارکردگی کی بنیاد پرالیکشن لڑے گی،اسلام الدین شیخ کا کل تک میں اظہارخیال۔ فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے بعد میٹروبس سروس کے بارے میں تمام شکوک وشبہات ختم ہوگئے ہیں ۔

عمران خان خود بھی دانش اسکول اور میٹروبس سروس کے منصوبوں کو تسلیم کرچکے ہیں اورانھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ہم حکومت میں آئے تو یہ منصوبے چلتے رہیں گے ۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ میٹروبس سروس کی بارے میں بہت سی باتیں کی جاتی رہی ہیں لیکن میں چیلنج کرتا ہوں کہ بس سروس منصوبے پر 30 ارب روپے لاگت آئی ہے اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اس کی تصدیق کی ہے۔ ہم نے تو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے سامنے خود کو سرنڈرکردیا ہے کیا تحریک انصاف اپنے پارٹی فنڈاورشوکت خانم کا آڈٹ کرانے کو تیار ہے۔

ہم عوام کے سامنے سرخرو ہیں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پیسے لے کر رپورٹ تیار نہیں کرتی اگر کسی کو شک ہے تو 21 مارچ کو پروگرام رکھ لیں میں میٹروبس سروس کے سارے منظور شدہ پی سی ون لیکر آجاؤں گا لیکن یہ بھی طے کرلیں کہ پھر تحریک انصاف کے پارٹی فنڈ اورشوکت خانم کا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سے آڈٹ کرانا ہوگا۔ تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے باوجود ریپڈبس سروس کے بارے میں ہمارے سوالات اپنی جگہ پر ہیں۔ کوئی بھی حکومتی منصوبہ پی سی ون کے بغیر مکمل نہیںہوتا۔

اگر اس منصوبے میں کوئی قانونی خلاف ورزی نہیں کی گئی یا کرپشن نہیں کی گئی تواس کا پی سی ون عوام کے سامنے لائیں۔ہم اپنی پارٹی کا آڈٹ کرانے کو تیارہیں شوکت خانم کا دنیا کی بہترین کمپنیاں آڈٹ کرتی ہیں۔میں 21 مارچ کو پروگرام میں حاضر ہوں گا اور حنیف عباسی کو بھی چاہیے کہ وہ بس سروس منصوبے کا پی سی ون لے کرآئیں۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر اسلام الدین شیخ نے کہا کہ میرے حساب سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ مصدقہ نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔