نیویارک بم دھماکے کا ملزم داعش سے متاثر ہے،پولیس

ویب ڈیسک  منگل 12 دسمبر 2017
حملہ آور انٹرنیٹ کے ذریعے شدت پسند ی کی طرف راغب ہوا،پولیس،فوٹو:انٹرنیٹ

حملہ آور انٹرنیٹ کے ذریعے شدت پسند ی کی طرف راغب ہوا،پولیس،فوٹو:انٹرنیٹ

نیویارک: نیویارک پولیس نے گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کی ابتدائی تفتیش کے بعد بتایا ہے کہ گرفتار ملزم داعش سے متاثر ہے جو انٹرنیٹ کے ذریعے شدت پسندی کی طرف راغب ہوا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک پولیس نے پورٹ اتھارٹی بس ٹرمینل کے زیر زمین اسٹیشن میں ہونے والے پائپ بم دھماکے سے متعلق تفصیلات جاری کردی ہیں جس میں گرفتار حملہ آور کی شناخت 27 سالہ عقائداللہ کے نام سے ہوئی جس کا تعلق بنگلادیش سے ہے جو 2011میں ویزا لے کر امریکا آیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 7 سال سے امریکا میں مقیم ملزم کے پاس ٹیکسی چلانے کا لائسنس بھی ہے اور وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر ہے۔ ملزم نے دیسی ساختہ ڈیوائس کے ذریعے پائپ دھماکا کیا جس کا مقصد مشرقِ وسطیٰ میں جاری امریکی کارروائیوں کا بدلہ لینا تھا جب کہ ملزم نے اکیلے اس پوری کارروائی کو انجام دیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نیویارک میں دھماکے سے متعدد افراد زخمی، حملہ آور گرفتار

نیویارک پولیس کے مطابق عقائداللہ داعش سے متاثر ہوکر انٹرنیٹ کے ذریعے شدت پسندی کی جانب راغب ہوا اور’ اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف کارروائیوں کے جواب میں حملہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیویارک کے مرکزی بس اڈے ‘پورٹ اتھارٹی بس ٹرمینل’ اور ‘ٹائمز اسکوائر’ کے سب وے اسٹیشنز کو آپس میں ملانے والی لائن میں پائپ بم دھماکے کے نتیجے میں 4افراد زخمی ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔