فیشن کے رنگ اور ایکٹنگ میں بہت فرق دونوں شعبوں کا اپنا مزاج ہے، صائمہ اظہر

قیصر افتخار  بدھ 13 دسمبر 2017
 جس خطے میں ہم بستے ہیں وہاں عمدہ میوزک فلم کی کامیابی میں اہم کردارادا کرتا ہے: ماڈل و اداکارہ کی ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

 جس خطے میں ہم بستے ہیں وہاں عمدہ میوزک فلم کی کامیابی میں اہم کردارادا کرتا ہے: ماڈل و اداکارہ کی ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

 لاہور: معروف ماڈل و اداکارہ صائمہ اظہر کا کہنا ہے کہ فیشن کے رنگ اورایکٹنگ کی دنیا میں بہت فرق ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے صائمہ اظہر نے کہا کہ جب میں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا توایک بات میں نے طے کرلی تھی کہ مجھے کبھی بھی نان پروفیشنل کی چھاپ نہیں لگوانی۔ میں جوبھی پروجیکٹ سائن کرتی ہوں، میری کوشش رہتی ہے کہ اس کو شیڈول کے مطابق پورا کروں، اس سوچ کے ساتھ فنی سفرشروع ہوا اورآج بھی اس پرقائم ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ فیشن کے رنگ اورایکٹنگ کی دنیا میں بہت فرق ہے، دونوں شعبوں کا اپنا مزاج ہے لیکن جولوگ اپنے کام کومحنت اورلگن کے ساتھ پورا کرنے کا شوق رکھتے ہوں، ان کیلیے کچھ بھی مشکل نہیں رہتا۔ دوسری جانب سیکھنے کا عمل بھی جاری رکھنا چاہیے۔ جولوگ خود کومکمل سمجھتے ہیں اورآگے بڑھنے کے بجائے ایک منزل پرآکر رک جاتے ہیں، ان کیلیے ترقی کی راہوں پر آگے بڑھنا ممکن نہیں رہتا۔

ایک سوال کے جواب میں صائمہ اظہرنے کہا کہ ٹی وی کمرشلز، ڈراموں کے علاوہ ایک فلم بھی سائن کی ہے، جس کے بارے میں تفصیلات دینا میرے معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی۔ مگراتنا ضرور بتا سکتی ہوں کہ یہ ایک انٹرنیشنل پروجیکٹ ہے، جس کی عکسبندی کیلیے پاکستان کی خوبصورت لوکیشنز کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی بھی کچھ لوکیشنز کوفلمبند کیاجائے گا۔ رومانٹک ، کامیڈی فلم کی جہاں کہانی جاندار ہے، وہیں اس کے میوزک پربھی خاص توجہ دی جارہی ہے۔

صائمہ اظہر نے کہا کہ ہمارے ہاں میوزک کے بغیرفلموں کی کامیابی ممکن نہیں ہے۔ اس لیے میرا نوجوان فلم میکرز کومشورہ ہے کہ وہ اپنی فلموں کے میوزک پربھرپورتوجہ دیں۔ جس خطے میں ہم بستے ہیں، وہاں پرعمدہ میوزک فلم کی کامیابی میں اہم کردارادا کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔