پاکستان کی سعودی عرب کو دفاعی معاہدے کی پیشکش

نمائندگان ایکسپریس  بدھ 13 دسمبر 2017
وزیر دفاع خرم دستگیر سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش نے ملاقات کی۔ فوٹو :فائل

وزیر دفاع خرم دستگیر سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش نے ملاقات کی۔ فوٹو :فائل

 اسلام آباد:  وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ دونوں ممالک میں اہم تعلقات کے باوجود دفاع کے میدان میں اسٹرٹیجک تعاون کے معاہدے نہیں ہیں تاہم دفاعی تعلقات کی مضبوطی کے لیے تعاون کی تجویز پیش کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیر دفاع خرم دستگیر خان سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش نے ملاقات کی۔ سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی حکومت مسلح افواج کی تربیت کے لیے بالخصوص انسداد دہشت گردی غیر معمولی جنگ اور پہاڑوں پر لڑائی کے میدان میں پاکستان کا تعاون چاہتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک میں اہم تعلقات کے باوجود د فاع کے میدان میں اسٹرٹیجک تعاون کے معاہدے نہیں ہیں۔ انہوں نے دفاعی تعلقات کی مضبوطی کے لیے تعاون کی تجویز پیش کی۔ خرم دستگیر نے کہا کہ اسٹرٹیجک تعاون بڑھانے کے لیے دونوں ممالک میں یونیورسٹیوں کے معاہدوں کو تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ر ضمیر الحسن شاہ، ایڈیشنل سیکریٹری دفاع فیصل رسول لودھی اور سعودی سفیر نواب سعید المالکی بھی اجلاس میں موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے خادمین حرمین شاہ سلیمان بن عبدالعزیز کی صحت اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے بھارت کی جانب سے سرحدوں پر خلاف ورزی کا ذکر کیا جس کے نتیجے میں بہت سے شہری جاں بحق ہوئے۔ وفاقی وزیر نے اس صورتحال کو روکنے کے لیے سعودی عرب کی حکومت کو اپنا سفارتی کردار ادا کرنے کو کہا۔ انھوں نے اسلامی فوجی اتحاد کی کامیاب وزارتی کانفرنس پر سعودی شہزاد ے کو مبارکباد کا پیغام دیا جو انسداد دہشت گردی کے خاتمے کے لیے منعقد کی گئی اور حرمین شریفین کی حفاظت اور سالمیت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں سعودی نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ سعودی نائب وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اورکارکردگی کو سراہا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فلسطین کے سفیر ایچ ای ولید اے ایم ابوعلی نے ملاقات کی، آرمی چیف اس موقع پر کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے۔ دونوں ایشوز کو پاکستانی عوام کی ایک جیسی سیاسی و اخلاقی حمایت حاصل ہے، ہم کشمیر و فلسطین پر اپنے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے اور نام نہاد قبضے کی حقیقت سے قطع نظر اصولی موقف پر قائم ہیں، ابو علی نے فلسطین کاز کی حمایت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثنا آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے شہید ہونے والے دوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مفت میں نہیں ملتی اور اس کی قیمت دھرتی کے بیٹے اپنی جانیں قربان کرکے چکاتے ہیں ، وطن کیلیے جانیں قربان کرنے والوں کوسلام پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج ہم جو آزاد ہیں وہ اپنے بہادر بیٹوں کی وجہ سے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔