شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز، نیب ٹیم ثبوت جمع کرنے لندن روانہ

ویب ڈیسک  بدھ 13 دسمبر 2017
نئے ثبوتوں کی بنیاد پر احتساب عدالت میں ایک ضمنی ریفرنس بھی دائر کیا جاسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

نئے ثبوتوں کی بنیاد پر احتساب عدالت میں ایک ضمنی ریفرنس بھی دائر کیا جاسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف دائر کرپشن مقدمات میں ثبوت اکٹھے کرنے کے لیے نیب کی ٹیم لندن روانہ ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی دو رکنی ٹیم شریف خاندان کے خلاف کرپشن مقدمات میں مزید ثبوت اکٹھے کرنے کے لئے لندن روانہ ہو گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نیب لاہور کی تفتیشی ٹیم کے دو ارکان لندن فلیٹس اور فلیگ شپ کمپنیز کے حوالے سے مواد اکٹھا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: العزیزیہ اسٹیل ریفرنس؛ نواز شریف کے مزید 2 بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات پیش

نیب کی تحقیقاتی ٹیم تقریبا ایک ہفتہ تک لندن میں قیام کرے گی اور مختلف ذرائع سے ثبوت حاصل کرے گی۔ تحقیقاتی ٹیم کو موصول ہونے والے ثبوتوں کی بنیاد پر احتساب عدالت میں ضمنی ریفرنس بھی دائر کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں نیب نے نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف کرپشن کے الزام میں تین ریفرنسز العزیزیہ اسٹیل ملز، ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ دائر کیے ہیں جن کی احتساب عدالت میں کارروائی جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔