امریکا میں بس ٹرمینل دھماکے کے ملزم پر فرد جرم عائد

ویب ڈیسک  بدھ 13 دسمبر 2017
واقعے  میں حملہ اور دیگر تین دیگر افراد زخمی ہوئے:فوٹو:فائل

واقعے میں حملہ اور دیگر تین دیگر افراد زخمی ہوئے:فوٹو:فائل

نیویارک: امریکا میں بس ٹرمینل پر دھماکا کرنے والے ملزم عقائد اللہ پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کے وفاقی وکلائے استغاثہ نے عقائداللہ  پر دہشت گردی کے پانچ الزامات عائد کیے ہیں، جن میں دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلق ، تباہی پھیلانے والے ہتھیار کا استعمال، عوامی مقام پردھماکے سے جانی اور مالی نقصان پہنچانے کے الزامات بھی شامل ہیں۔

نیویارک کے اٹارنی جون کِم نے میڈیا کو عقائد اللہ پر فرد جرم عائد کرنے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے دھماکے کے مقام اور اوقات کا تعین اس لیے کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ جانی نقصان  ہو۔

دوسری جانب امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ عقائد اللہ نے پیر کو حملے سے قبل فیس بک پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ایک تنبیہہ چھوڑی تھی۔ اس نے فیس بک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’ٹرمپ تم اپنی قوم کو محفوظ رکھنے میں ناکام رہے ہو۔‘

واضح رہے کہ 11 دسمبر کی صبح عقائد اللہ نے پورٹ اتھارٹی بس ٹرمینل پر خودکش دھماکا کرنے کی کوشش کی تھی اور اسے شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔