شوہرکوقتل اوربوائے فرینڈ کو اس کی پہچان دینے والی عورت گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 13 دسمبر 2017

حیدر آباددکن: بھارتی ریاست تلنگانہ میں شوہرکو قتل کرکے بوائے فرینڈ کو سرجری کے ذریعے اس کی پہچان دینے والی عورت کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کے ضلع نگارکلنورمیں سواتھی نامی شادی شدہ عورت شوہر کے بجائے اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتی تھی، اس کے لیے اس نے اپنے دوست کے ساتھ مل کرایک منصوبہ تیار کیا، جس کے تحت سواتھی شوہرسدھاکر کو راستے سے ہٹاکر دوست کو اپنے شوہر کی شناخت دینا چاہتی تھی۔ منصوبے کے تحت دونوں نے مل کر پہلے شوہر کو قتل کرکے اس کی لاش ٹھکانے لگائی۔

دوسرے مرحلے میں سواتھی نے اپنے دوست کی مرضی سے اِس کے چہرے پر تیزاب پھینکا تاکہ وہ پہچاننے کے قابل نہ رہے اورپلاسٹک سرجری کروا کر اسے اپنے شوہر سدھاکرکی حیثیت سے سب کے سامنے لاسکے۔ اس کے بعد خاتون نے اپنے سسرالیوں کواطلاع دی کہ ان کے بیٹے پر کسی نے تیزاب پھینک دیا ہے، سسرالی ناقابل شناخت چہرے کی وجہ سے خاتون کے دوست کو ہی اپنا بیٹا سمجھ بیٹھے اوراسے اسپتال داخل کرادیا۔

سسرالیوں کو شک اُس وقت ہوا، جب وہ اپنے بیٹے کی پسند کا کھانالے کراسپتال گئے اوراس نے کھانے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ وہ تو سبزی کھاتا ہے، شک پڑنے پرانہوں نے پولیس سے تفتیش کی سفارش کی اور یوں اصل کہانی سامنے آگئی۔ دوران تفتیش خاتون کا کہنا تھا کہ اس نے بھارتی فلم سے متاثرہوکریہ منصوبہ بنایا تھا۔

واضح رہے کہ ایسی ہی کہانی ہالی ووڈ فلم “فیس آف” میں بھی دکھائی گئی ہے، جس میں اداکار جان ٹرووالٹا اور نکولس کیج اپنا چہرہ تبدیل کرنے کے لیے پلاسٹک سرجری کرواتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔