قائد اعظم ٹرافی سپر 8 فیصلہ کن راؤنڈ کل شروع ہوگا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 14 دسمبر 2017
قائد اعظم ٹرافی سپر 8 میں سوئی ناردرن گیس کی ٹیم لاہور بلوز کا سامنا کرے گی؛ فوٹوفائل

قائد اعظم ٹرافی سپر 8 میں سوئی ناردرن گیس کی ٹیم لاہور بلوز کا سامنا کرے گی؛ فوٹوفائل

 کراچی:  قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر8 مرحلے میں گروپ ون سے سوئی ناردرن گیس اور ایچ بی ایل کے پاس فائنل میں جگہ بنانے کا سنہری موقع ہے تیسرے اور اختتامی راؤنڈ میچز جمعے سے شروع ہوں گے۔

قائد اعظم ٹرافی سپر 8 میں سوئی ناردرن گیس کی ٹیم لاہور بلوز کا سامنا کرے گی جبکہ حبیب بینک کی ٹیم لاہور وائٹس کیخلاف میدان سنبھالے گی۔ دونوں ٹیموں کو تیسرے راؤنڈ میں اپنی حریف سائیڈز کو شکست دینا ہوگی، دونوں ٹیموں کی کامیابی پر نیٹ رن ریٹ اور دیگر عوامل بھی زیرغور لائے جاسکتے ہیں۔ گروپ 2 سے گذشتہ دن واپڈا نے ٹرافی میچ میں جگہ یقینی بنالی ہے تاہم اختتامی مرحلے میں واپڈا کی ٹیم سوئی سدرن گیس پر ہاتھ صاف کرے گی، کے آر ایل اور یوبی ایل کی ٹیمیں بھی مدمقابل آئیں گی، ایونٹ میں کھلاڑیوں کی مجموعی پرفارمنس پر نظر دوڑائی جائے تو بیٹنگ میں یوبی ایل کے سعد علی سب سے آگے ہیں، انھوں نے 848رنز اپنے نام جوڑے، بولنگ میں لاہور بلوز کے اعزاز چیمہ اور یوبی ایل کے سہیل خان نے یکساں طور پر 51، 51 وکٹیں لیکر ٹاپ دو پوزیشنز سنبھال رکھی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قائداعظم ٹرافی سپر 8 مرحلے میں تیسرا اور اختتامی راؤنڈ جمعے سے شروع ہورہا ہے، سوئی ناردرن گیس کی ٹیم لاہور بلوز کا سامنا کرے گی جبکہ حبیب بینک کی ٹیم لاہور وائٹس کیخلاف میدان سنبھالے گی، دونوں ٹیموں تیسرے راؤنڈ میں اپنی حریف سائیڈز کو شکست دینا ہوگی، دونوں ٹیموں کی کامیابی پر نیٹ رن ریٹ اور دیگر عوامل بھی زیرغور لائے جاسکتے ہیں، گروپ 2 سے گذشتہ دن واپڈا نے ٹرافی میچ میں جگہ یقینی بنالی ہے تاہم اختتامی مرحلے میں واپڈا کی ٹیم سوئی سدرن گیس پر ہاتھ صاف کرے گی۔

کے آر ایل اور یوبی ایل کی ٹیمیں بھی مدمقابل آئیں گی، دوسرے راؤنڈ کے اختتام پر گروپ 2 سے واپڈا نے فائنل میں شرکت یقینی بنالی، تاہم ایونٹ کی دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ 15 دسمبر سے ہونے والے تیسرے راؤنڈ کے اختتام پرہوگا، ٹرافی میچ 21 سے 25 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم پر منعقد ہوگا جہاں ابھی پی ایس ایل تھری کے مجوزہ میچز کے انعقاد کیلیے تزئین و آرائش کا کام ہنوز جاری ہے، سردست گروپ ون میں سوئی ناردرن گیس اپنے دوسرے میچ میں کامیابی کے بعد 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، ایچ بی ایل کی ٹیم 2 میچز میں ایک فتح اور ایک ڈرا کے بعد 10 پوائنٹس جوڑ کر دوسرے نمبر پر جگہ حاصل کررکھی ہے، لاہوربلوز کی ٹیم دو میچزمیں ایک فتح اور ایک ناکامی سے دوچار ہونے پر 9 پوائنٹس اپنے نام جمع کرپائی ہے.

گروپ میں شریک چوتھی سائیڈ لاہور وائٹس دونوں میچزمیں فتح سے محروم رہی اوراس نے پوائنٹس ٹیبل پر ابھی اپنا کھاتہ نہیں کھولا ہے اور یہ فائنل کی دوڑ سے بھی باہر ہوچکی ہے، ٹرافی کے مقابلے کے لیے سوئی ناردرن گیس کی ٹیم کو لاہور بلوزکوشکست دینا لازمی ہوگا ، دوسری جانب گروپ 2 سے واپڈا نے اپنے دونوں میچزجیت کر 16 پوائنٹس کی واضح سبقت کے ساتھ فائنل میں شرکت یقینی بنالی، یوبی ایل اور سوئی سدرن گیس کی ٹیموں نے یکساں طور پر 6، 6پوائنٹس اکھٹے کیے ہیں، ان دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتا جبکہ ایک ایک میں انھیں ناکامی کا سامنا رہا ہے، تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ نے یوبی ایل کو دوسری پوزیشن کا حقدار بنارکھا ہے،گروپ میں شامل چوتھی سائیڈ کے آر ایل دونوں میچز میں فتح سے محروم رہی اور اس کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔ایونٹ میں کھلاڑیوں کی مجموعی پرفارمنس پر نظر دوڑائی جائے تو بیٹنگ میں یوبی ایل کے سعد علی سب سے آگے ہیںِ.

انھوں نے ایونٹ کے 9 میچز میں 14 اننگز کھیلتے ہوئے 848رنز اپنے نام جوڑے، جس میں ان کی بہترین انفرادی کاوش 232 رنز رہی، فائنل میں جگہ بنالینے والی واپڈا کی ٹیم کے محمد سعد بھی اتنے ہی میچز کھیل کر 16 اننگز میں 605رنز بناکر دوسرے نمبر پر ہیں، ان کا انفرادی بہترین اسکور 134 ناٹ آؤٹ ہے، لاہور بلوز سے تعلق رکھنے والے سعد نسیم 548 رنز بناکر تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں، انھوں نے سب سے بڑا انفرادی اسکور 123 رنز بنایا ہے، اسلام آباد کے عابد علی 7 میچز کی 13 اننگز میں 541رنز بناکر چوتھے نمبر پر ہے، اس میں 231رنز ناٹ آؤٹ ان کی بہترین کاوش شمار ہوئے، سوئی ناردرن گیس کے افتخار احمد 9 میچز میں 532رنز جوڑ کر ٹاپ فائیو میں شامل ہیں.

لاہور وائٹس کے رضوان حسین 497 کے ہمراہ چھٹے، واپڈا کے ہی عامر سجاد 493 رنز جوڑ کر ساتویں، سوئی سدرن گیس کے عمر امین 490 کے ہمراہ آٹھویں، پی ٹی وی کی نمائندگی کرنے والے سعود شکیل 488 رنز بناکر نویں اور نیشنل بینک سے تعلق رکھنے والے اسد علی نے 487 رنز بنارکھے ہیں، فواد عالم 483رنز بناکر نمایاں ہیں۔بولنگ میں لاہور بلوز کے اعزاز چیمہ اور یوبی ایل کے سہیل خان نے یکساں طور پر 51،51 وکٹیں لیکر ٹاپ دو پوزیشنز سنبھال رکھی ہیں، لاہور وائٹس کے وقاص احمد 47 شکاروں کے ہمراہ تیسرے نمبر پر ہیں، کے آر ایل سے تعلق رکھنے والے صدف حسین 45 وکٹیں اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں، عمید آصف نے 43، کاشف بھٹی42، بلاول اقبال41،محمد عرفان39 ، عمرگل37، تابش خان37، میر حمزہ36،شہزاد اعظم36وکٹوں کے ہمراہ نمایاں ہیں، سوئی ناردرن گیس کے محمد عباس 25، عزیز اللہ 24 جبکہ واپڈا سے تعلق رکھنے والے وقاص مقصود 24 اور یوبی ایل کے احسان عادل23 وکٹیں لیکر نمایاں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔