بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار نیرج وورا چل بسے

ویب ڈیسک  جمعرات 14 دسمبر 2017
نیرج وورا فلم ’ہیرا پھیری ‘اور ’گول مال‘ کی کہانی لکھنے کے لیے بھی مشہور تھے؛ فوٹوفائل

نیرج وورا فلم ’ہیرا پھیری ‘اور ’گول مال‘ کی کہانی لکھنے کے لیے بھی مشہور تھے؛ فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار اور فلمساز نیرج وورا طویل علالت کے بعد مقامی اسپتال میں چل بسے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نیرج وورا گزشتہ برس 2016 میں دل کے دورے کے بعد کوما میں چلے گئے تھے، فلم پروڈیوسر فیروز نڈیاڈ والا انہیں اسپتال سے اپنے گھر لے گئے تھے اور وہیں ان کی دیکھ بھال کی جارہی تھی تاہم گزشتہ رات ان کی طبعیت زیادہ خراب ہوگئی جس کے باعث انہیں ممبئی کے کیرتی کیئر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ چل بسے ۔

نیرج وورا کے انتقال پر اداکار پاریش راول نے ٹوئٹر پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا فلم’ پھر ہیرا پھیری‘کے مصنف اور ہدایت کار نیرج وورا اب ہم میں نہیں رہے۔

اداکار تشار کپور نے اس خبر پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ خبر سن کر دکھ کے ساتھ حیرانی بھی ہورہی ہے انہوں نے مجھے گول مال 1 میں کاسٹ کیا اور ایک اور فلم ’رن بھولا رن‘جو اب تک ریلیز نہیں ہوئی میں ہم دونوں نے ساتھ کام کیا۔

بھارت کے فلمی تجزیہ نگار ترن آدرش نے نیرج وورا کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ خوشیاں بکھیرنے والے  نیرج وورا چل بسے۔

نیرج وورا نے 1984 میں فلم ’ہولی‘ میں بطور معاون اداکار فنی کیرئیر کاآغاز کیا ۔ 1995 میں ریلیز ہوئی عامر خان کی کامیاب فلم’رنگیلا‘کے مکالمے لکھنے کے ساتھ اس فلم میں انہوں نے چھوٹا سا رول بھی ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 1999 میں فلم ’بادشاہ‘ اور 2012 میں اجے دیوگن کے ساتھ فلم’بول بچن‘میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ نیرج وورا بالی ووڈ کی کامیاب ترین کامیڈی سیریز کی پہلی فلم ’ہیرا پھیری ‘اور ’گول مال‘ کی کہانی لکھنے کے لیے بھی مشہور تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔