اذلان شاہ ہاکی، پاکستان کے فائنل کھیلنے کی امیدوں پر پانی پھر گیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 15 مارچ 2013
ملائیشیاکے ساتھ مقابلہ 2-2 سے برابر، نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے بھارت بھی باہر۔   فوٹو: نیٹ

ملائیشیاکے ساتھ مقابلہ 2-2 سے برابر، نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے بھارت بھی باہر۔ فوٹو: نیٹ

ایپوہ: اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں ملائیشیا سے ڈرا میچ نے پاکستان کے فائنل کھیلنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست نے بھارت کو بھی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کا مقابلہ برابر رہا۔تفصیلات کے مطابق ایونٹ میں بقا کی جنگ لڑنے کیلیے میدان میں اترنے والی پاکستانی ٹیم کا میزبان ملائیشیا کیخلاف میچ 2-2 سے برابر ہونے سے فائنل کھیلنے کی امیدیں دم توڑ گئیں،فیصل ساری نے چھٹے منٹ میں پنالٹی کارنر کو کار آمد بناکر میزبان ٹیم کو برتری دلائی، گرین شرٹس کے کپتان محمد عمران نے 9 منٹ بعد اسی انداز میں گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

بعد ازاں ملائیشیا کے تابڑ توڑ حملوں نے پاکستان کی دفاعی لائن کو بے بس کیے رکھا مگر گول نہ کیا جاسکا، میزبان ٹیم نے دوسرے ہاف کے آغاز میں دبائو مزید بڑھاتے ہوئے بالآخر 53ویں منٹ میں محمد رضی کے پنالٹی کارنر کی بدولت  برتری حاصل کرلی، گرین شرٹس نے 5 منٹ بعد شفقت رسول کی کوشش سے اسکور 2-2 کردیا، ملائیشیا  9 واں پنالٹی کارنر ضائع کرنے کے بعد مزید 2سے بھی فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا تو پاکستان کی اسی نوعیت کی پانچویں کوشش میچ ختم ہونے سے 3  منٹ قبل بے کار گئی اور مقابلہ برابری پر ختم ہوا۔

7

دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 2-0 سے شکست دیدی، پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، وقفے کے بعد فاتح ٹیم نے 40 اور 57 ویں منٹ میں گول کیے۔ تیسرے میچ میں جنوبی کوریا نے فیورٹ آسٹریلیا کو ناکوں چنے چبوا دیے، میچ 3-3 سے برابر رہا، کوریا نے پہلا ہاف ختم ہونے سے چند سیکنڈ قبل مسلسل 3 پنالٹی کارنر حاصل کرتے ہوئے  برتری حاصل کی۔

کوکا بوراز نے 41ویں منٹ میں مقابلہ برابر کیا، اگلے 12منٹ میں کوریا نے2 گول کرکے اسکور 3-2 کیا، آسٹریلیا  میچ ختم ہونے سے صرف 2 سکینڈ قبل گول کرکے ایونٹ میں اولین شکست سے بال بال بچ گیا۔ ایونٹ میں ابھی تک آسٹریلیا 8پوائنٹس کیساتھ سر فہرست ہے، گول اوسط میں پیچھے ملائیشیا  اتنے ہی پوائنٹس کے ہمراہ دوسری پوزیشن پر ہے، جمعے کو 6 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر  موجود نیوزی لینڈ اور کوکا بوراز جبکہ ملائیشیا اور بھارت کے  میچز کے نتائج فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔