کراچی: لانڈھی اور کورنگی کراسنگ میں 2 دھماکے، 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 15 مارچ 2013
دھماکا کیبل آپریٹر کے آفس کے قریب رکشے میں ہواتاہم دھماکے کی نوعیت سے متعلق ابھی کچھ کہناقبل ازوقت ہوگا، ایس ایس پی ایسٹ  فوٹو: ایکسپریس نیوز

دھماکا کیبل آپریٹر کے آفس کے قریب رکشے میں ہواتاہم دھماکے کی نوعیت سے متعلق ابھی کچھ کہناقبل ازوقت ہوگا، ایس ایس پی ایسٹ فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی: لانڈھی اولڈ مظفرآباد کالونی میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے جبکہ کورنگی کراسنگ کے قریب بس کا سلنڈر پھٹنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لانڈھی میں اولڈ مظفر آباد کالونی میں دھماکا گنجان آباد علاقے میں ہوا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی، دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ ایس ایس پی ایسٹ عمران شوکت کے مطابق دھماکا کیبل کی دکان کے قریب رکشے میں ہوا تاہم دھماکے کی نوعیت سے متعلق ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ دھماکے سے قریبی کھڑی موٹرسائیکل اور رکشہ مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

لاشوں کو جناح اسپتال جبکہ زخمیوں کو سوشل سیکیورٹی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم چند کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

رات گئے دوسرا دھماکا کورنگی کراسنگ کے قریب بس کا سلنڈر پھٹنے سے ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔