بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ؛ پاک بھارت افتتاحی مقابلہ لاہور میں شیڈول

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 15 دسمبر 2017
سیمی فائنلز عجمان یو اے ای ، فائنل قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول۔ فوٹو: فائل

سیمی فائنلز عجمان یو اے ای ، فائنل قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، 7 جنوری کو لاہور اور عجمان میں افتتاحی تقاریب ہوں گی جب کہ افتتاحی میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان 8 جنوری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

5 ویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کو سونپی گئی ہے، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے میگا ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، ایونٹ میں7 تا21 جنوری 2018 تک لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور یو اے ای عجمان میں میچز کھیلے جائیں گے، 7 جنوری کو لاہور اور عجمان میں افتتاحی تقاریب ہوں گی جبکہ 8 جنوری کو افتتاحی میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اسی روز لاہور جیمخانہ کرکٹ گرائونڈ باغِ جناح میں دوسرے میچ میں نیپال اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

9 جنوری کو جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں گرین شرٹس کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوگا، بھارت کا مقابلہ نیپال سے اقبال کرکٹ اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہوگا جب کہ آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں یو اے ای کی ریاست عجمان کے اوول کرکٹ گرائونڈ میں مدمقابل ہوں گی۔

10جنوری کو جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، بھارت اور بنگلہ دیش کا ٹاکرا اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں ہوگا۔ 11 جنوری کو آرام کا دن ہو گا اور ٹیمیں بقیہ میچز کیلیے یو اے ای عجمان روانہ ہوں گی جہاں 12 جنوری کو اوول گرائونڈ میں آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

سری لنکا اور بنگلادیش ایم سی سی گرائونڈ میں ٹکرائیں گی۔ 13 جنوری کو بھارت کا مقابلہ سری لنکا جبکہ آسٹریلیا کا نیپال سے ہو گا، 14 جنوری کو ایڈن گارڈن گرائونڈ میں پاکستان اور سری لنکا جبکہ اوول گرائونڈ میں بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کی ٹیمیں میچز کھیلیں گی، 15جنوری کو بھارت اور آسٹریلیا کا میچ ایڈن گارڈن گرائونڈ جبکہ اسی روز ایم سی سی گرائونڈ پر نیپال اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

17جنوری کو ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل ہوگا جس میں پہلی اور چوتھی پوزیشن پر آنے والی ٹیمیں ایم سی سی گرائونڈ پر مدمقابل ہوں گی، 18 جنوری کو دوسرے سیمی فائنل میں دوسری اور تیسری پوزیشن پر موجود ٹیموں میں جوڑ پڑے گا جب کہ میگا ایونٹ کا فائنل 21 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ میگا ایونٹ کیلیے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل 17 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر چکی ہے، نثارعلی کوکپتان اور عامراشفاق کو پاکستانی نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے، دیگر پلیئرز میں ظفر اقبال، ساجد نواز، محمد ایاز، ریاست خان، محمد آصف، بدرمنیر، مطیع اللہ، انیس جاوید، ہارون خان، محمد جمیل، محسن خان، محمد اعجاز، ثنااللہ، اسرار حسین، محمد راشد اور پلیئنگ منیجر ذیشان عباسی شامل ہیں۔ ٹیم آفیشلز میں عبدالرزاق کوچ، مسعودجان بیٹنگ کوچ، طاہر محمود بٹ ٹرینر اور آصف عظیم میڈیا منیجر ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔