گنے کی امدادی قیمت میں تاخیر سے بحران بڑھا، ایکسپریس فورم

فاروق سندھو  جمعـء 15 دسمبر 2017
پوری قیمت نہ ملنے پر کسان سراپا احتجاج ہیں، محمود الحق، عالمی قیمتیں گر گئیں، محمد حسین، محمود الحسن، یاسین، عبدالصمد کا اظہار خیال۔ فوٹو: فائل

پوری قیمت نہ ملنے پر کسان سراپا احتجاج ہیں، محمود الحق، عالمی قیمتیں گر گئیں، محمد حسین، محمود الحسن، یاسین، عبدالصمد کا اظہار خیال۔ فوٹو: فائل

رحیم یار خان:  گنے کے بحران اور پیدا شدہ صورتحال کے حوالے سے ایکسپریس فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر پاکستان ایگری فورم پنجاب چوہدری احمد علی اختر نے کہا ہے کہ سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں نے گنے کی امدادی قیمت مقرر کرنے میں غیر معمولی تاخیر کی چنانچہ اسی کشمکش میں سندھ میں تقریباً ایک ماہ اور پنجاب میں تقریباً 15دن کی تاخیر سے کرشنگ سیزن 2017-18 کا آغاز ہوا۔

رحیم یارخان سمیت جنوبی پنجاب کے اضلاع میں گزشتہ سال وسطی پنجاب سے3 شوگر ملز منتقل کی گئی تھیں جس کیوجہ سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ ایکڑ پر زیادہ گنا کاشت کیا گیا تھا تاہم سپریم کورٹ کے حکم پر ان ملز کی منتقلی غیر قانونی قرار پائی اور ملز کو بند کرنے کا حکم جاری ہو گیا لیکن کسی نے عدالت عظمیٰ کی توجہ اس طرف مبذول نہ کرائی کہ ڈیڑھ لاکھ ایکڑ پر کاشت کیا گیا یہ گنا جنوبی پنجاب کی موجودہ شوگر ملز کی کرشنگ کی گنجائش سے زیادہ ہے جس سے گنے کے بحران میں شدت آئی ہے۔

چیئرمین آل پاکستان کسان فاؤنڈیشن سید محمود الحق بخاری نے کہا کہ چینی کی ایکسپورٹ پر سبسڈی کے باوجود حکومتی نوٹیفکیشن کے برعکس کم قیمت پر گنا خریدا جا رہا ہے جس سے کاشتکاروں میں تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندہ چوہدری محمد حسین نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں چینی کی قیمت تیزی سے کم ہونا شروع ہو گئی اور تقریباً 400امریکی ڈالر کی کم ترین سطح کو چھونے لگی تب جا کر حکومت نے چینی کی برآمد کی اجازت دی لیکن اسوقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔

سینئر نائب صدر انجمن کاشتکاران پنجاب چوہدری یاسین نے کہا کہ کرشنگ سیزن میں تاخیر کے باعث چھوٹے کاشتکار گندم کی کاشت بھی نہیں کر سکے۔ ضلعی صدر کسان اتحاد عبدالصمد چوہدری نے کہا کہ گنا تقریباً 13ماہ کی فصل ہے جس پر اخراجات بھی زیادہ ہوتے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کپاس، دھان کے کاشتکاروں کو سبسڈی دی لیکن گنے کے کاشتکار محروم رہے۔

چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی ایریگیشن اینڈ پاور پنجاب محمود الحسن چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کو گنے کی ادائیگیاں نہ کرنیوالی شوگر ملز کو سیل کیا اور اس بابت کاشت کاروں کو اربوں روپے دلوائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔