میٹروبس،اجالاپروگرام دوسرے صوبوں میں کیوں نہیں ہوئے : حنیف عباسی

مانیٹرنگ ڈیسک  جمعـء 15 مارچ 2013
اس بارووٹرپرفارمنس دیکھ کر ووٹ دیگا،اسدعمر، ٹودی پوائنٹ میں گفتگو فوٹو : فائل

اس بارووٹرپرفارمنس دیکھ کر ووٹ دیگا،اسدعمر، ٹودی پوائنٹ میں گفتگو فوٹو : فائل

لاہور: مسلم لیگ(ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہاہے کہ الیکشن میں عوام حکمرانوں سے پوچھیں گے کہ کیا میٹروبس سروس کراچی میں نہیں چل سکتی تھی، کیا طلبا کو اسکالرشپس، لیپ ٹاپ اور اجالا پروگرام کے منصوبے دوسرے صوبوں کے عوام کے لیے نہیں شروع کیے جاسکتے تھے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام الیکشن میں حکومت سے سی این جی کی لمبی لمبی لائنوں، کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے بارے میں بھی پوچھیں گے۔ پاکستان کے عوام گونگے اور بہرے نہیں ہیں، انھیں پتا ہے کہ لاہور، پنڈی، اسلام آباد میں تحریک انصاف کا کوئی مزدور منتخب نہیں ہوا۔

پیپلزپارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں اور کچھ ہوا یا نہیں لیکن کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے شارٹ ٹرم پالیسی کے بجائے لانگ ٹرم پالیسی پر توجہ دی۔ ہم نے تمام تر عالمی دباؤ کے باوجود گوادر اور پاک ایران گیس پائپ لائن کے بارے میں اہم فیصلے کیے۔ موجودہ حکومت میں دہشتگردوں کے خلاف بڑے آپریشن کیے گئے۔

چاروں صوبوں میں کسی بھی جگہ پر عوام کے حالات آئیڈیل نہیں ہیں۔ گوجرہ میں جو کچھ ہوا اس کے اثرات ن لیگ پر پڑے ہیں۔ اصغرخان کیس کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر عمل کرتے تو الیکشن قریب تھا اور اس تحقیقات کیلیے وقت بہت کم تھا۔ تحریک انصاف کے رہنما اسدعمر نے کہا کہ اس مرتبہ ووٹر پرفارمنس دیکھ کر ووٹ دے گا۔

عوام پوچھیں گے کہ پنجاب کی دوسرے صوبوںکی نسبت ترقی کم کیوں رہی۔ پنجاب میں ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر کیوں ہیں۔ عوام یہ بھی پوچھیں گے کہ حکمران اپنے لیے تو بڑی بڑی حفاظتی گاڑیاں لیے پھرتے ہیں اور خود عوام دہشتگردوں کے سامنے نہتے کیوں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔