پاکستان میں کورین ٹیکنالوجی کی گاڑیاں اسمبل ہوں گی

علیم ملک  ہفتہ 16 دسمبر 2017
کیا‘ لکی فیکٹری کراچی میں بنے گی،معاہدے’ پرپیرکودستخط،دونوں منصوبوں پر 40ارب کی سرمایہ کاری،3سال میں پیداوارشروع ہوگی۔ فوٹو: فائل

کیا‘ لکی فیکٹری کراچی میں بنے گی،معاہدے’ پرپیرکودستخط،دونوں منصوبوں پر 40ارب کی سرمایہ کاری،3سال میں پیداوارشروع ہوگی۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  ملک میں نئی آٹو پالیسی کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے تاہم آٹو سیکٹر میں گاڑیوں کے 2 نئے پلانٹ لگانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

حکومت اور ہونڈائی نشاط کمپنی کے درمیان معاہدہ ہوگیا جس پر سیکریٹری صنعت و پیدوار اور ہونڈائی نشاط کے نمائندوں نے دستخط کیے اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 20دسمبر کوفیصل آباد میں ہونڈائی نشاط کمپنی کے پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

ہونڈائی نشاط کمپنی کا آٹو پلانٹ 2 سے 3 سال میں گاڑیوں کی پیداوار شروع کر دے گا، ابتدائی طور پر آٹوسیکٹر میں 15 سے 20 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایاکہ کورین کمپنی کیا لکی اور حکومت کے درمیان گاڑیوں کی پیداوار کے لیے معاہدے پر دستخط 18 دسمبر کو ہوں گے اور کورین کمپنی لکی سیمنٹ کے ساتھ مل کر پورٹ قاسم کے مقام پر پلانٹ لگائے گی۔ یہ پلانٹ بھی 3 سال کے اندر گاڑیوں کی پیداوار شروع کر دے گا۔

’ کیا ‘ پاکستان میں 20 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی اور ان دونوں کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے آٹوسیکٹر میں موجودہ کمپنیوں کی اجارہ داری ختم ہوجائے گی، مسابقت کو فروغ ملے گا جس سے نہ صرف گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوں گی بلکہ معیارمیں بھی بہتری آئے گی۔

ذرائع نے بتایاکہ نئی آٹو پالیسی میں نئی کمپنیوں کو ملک میں گاڑیوں کی پیدوار اور اسمبلنگ کے پلانٹس لگانے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ مزید کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات چل رہے ہیں اور انھیں بھی  ضابطے کی کارروائی کے بعد اجازت ملنے کے بعد اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری آئے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔