’’ارتھ ٹو‘‘ میں چیلنجنگ کردار نبھایا، ریلیز کا بے صبری سے انتظار ہے، عظمیٰ حسن

قیصر افتخار  ہفتہ 16 دسمبر 2017
حالات بدل رہے ہیں، معمول کی کامیڈی اور ایکشن فلموں کیساتھ سنجیدہ موضوعات پر فلمیں بنانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا، اداکارہ۔ فوٹو : فائل

حالات بدل رہے ہیں، معمول کی کامیڈی اور ایکشن فلموں کیساتھ سنجیدہ موضوعات پر فلمیں بنانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا، اداکارہ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  اداکارہ وماڈل عظمیٰ حسن نے کہا کہ فلم ’’ارتھ ٹو‘‘ کو نئے انداز سے پیش کرنے میں جس طرح سے ہماری ٹیم نے محنت کی ہے اس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی تاہم اب اس پروجیکٹ کی ریلیز کا بڑی بے صبری سے انتظار ہے۔ 

’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ حسن نے کہا کہ ویسے تو ہمارے ہاں آئٹم سانگز پر مبنی فلموں کو دیکھنے کا رواج زیادہ ہورہا ہے یا باڈی بلڈرہیروز کی فلمیں دیکھی جاتی ہیں لیکن اب حالات تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں۔ معمول کی کمرشل فلموں کے ساتھ سنجیدہ موضوعات کی فلمیں بنانا بھی وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ میرے لیے تویہی اعزاز کی بات ہے کہ مجھے شان نے اس پروجیکٹ کیلیے منتخب کیا۔ اب اس پروجیکٹ کی ریلیز کا بڑی بے صبری سے انتظار ہے۔ مجھے امید ہے کہ جب فلم ’’ارتھ ٹو‘‘سینما گھروں کی زینت بنے گی تو شائقین اس کو دیکھ کرضرور خوش ہوں گے کہ اب ہمارے ملک میں بھی انٹرنیشنل معیارکی فلمیں بننے لگی ہیں۔

عظمیٰ حسن نے مزید کہا کہ ہم اگرہالی ووڈ کی بات کریں تو وہاں پر بننے والی فلمیں حقائق پرمبنی ہوتی ہیں اورجس تکنیک کیساتھ وہ اپنے مسائل کواجاگرکرتے ہیں۔ یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے، مگراس کیلیے سخت محنت کرنے کی ضرورت رہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم موج مستی تواکثرکرتے رہتے ہیں لیکن میں لاہوریوں اورملک بھر میں بسنے والے لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ وہ اہم اورسنجیدہ موضوع پربننے والی فلموں کوسینما گھروں میں دیکھنے کیلیے ضرور جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں عظمیٰ حسن نے کہا کہ مجھے جب فلم ’’ارتھ ٹو‘‘میں کام کرنے کی آفرہوئی تومجھے میرا کرداربہت چیلنجنگ لگا اوراسی لیے میں نے اس میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ خاص طور پربالی ووڈ کے ورسٹائل فنکاروں کی فلم کونئے انداز سے پیش کرنے میں جس طرح سے ہماری ٹیم نے محنت کی ہے ،اس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔