کینیڈا میں ارب پتی جوڑے کی پراسرار ہلاکت

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 دسمبر 2017
فوربز میگزین کے مطابق بیری شرمین کے اثاثہ جات 3.2 ارب ڈالر کی مالیت کے تھے : فوٹو : رائٹرز

فوربز میگزین کے مطابق بیری شرمین کے اثاثہ جات 3.2 ارب ڈالر کی مالیت کے تھے : فوٹو : رائٹرز

ٹورنٹو: کینیڈا میں دوا ساز کمپنی کے بانی اور چئیرمین بیری شرمین اور ان کی اہلیہ پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں رہائش پذیر دوا ساز کمپنی کے بانی اور چئیرمین بیری شرمین اور ان کی اہلیہ پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق بیری شرمین اور ان کی بیوی  کی لاشیں ان کے گھر کے تہہ خانے سے برآمد ہوئی ہیں۔ گھر میں کسی کے زبردستی داخل ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے تاہم دونوں کی ہلاکتیں مشکوک ہیں۔

کینیڈا پولیس کا کہنا ہے کہ ارب پتی جوڑے کی ہلاکتوں کی خبر ایک ریئل اسٹیٹ ایجنٹ نے دی جسے حال ہی میں بدنصیب جوڑے نے اپنے مکان کی فروخت کے لئے بلایا تھا اور ایجنٹ اٗس روز بھی گھر کی فروخت کے مقصد کے لئے گاہکوں کے آنے کی پیشگی اطلاع دینے آیا تھا۔

کینڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویٹ سائٹ ٹوئٹر پر جوڑے کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیری شرمین کے لواحقین سے تعزیت کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، وہ میرے پیارے دوست جو ہلاک ہوگئے ہیں  بہترین انسان، کمال کے مخیئر، اور شعبہِ صحت کے لیڈر تھے۔

واضح رہے کہ بیری شرمین اپوٹیکس نامی دوا ساز کمپنی کے بانی اور چیئرمین تھے جو کہ دنیا بھر میں جنیرک ادویات فروخت کرتی ہے۔ اور فوربز میگزین کے اندازے کے مطابق بیری شرمین کے اثاثہ جات 3.2 ارب ڈالر کی مالیت کے تھے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔